پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیری آج یوم حق خودارادیت منا رہے ہیں

اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم حق خودارادیت منارہے ہیں۔

آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں شدید سردی کے باوجود رات کو آزادی چوک سے مشعل بردار ریلی نکالی گئی اور بھارتی مظالم کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا۔

یاد رہے کہ 5 جنوری 1949ء کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کشمیری عوام کے حق میں قرار داد پاس کی تھی، جس کے تحت انہیں اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کرنے کا حق دیا گیا تھا۔

تاہم بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام کو بنیادی حقوق سے محروم رکھتے ہوئے ظلم و جبر کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے یوم حق خودارادیت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں میں کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو تسلیم کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ 5 جنوری 1949ء کو یو این کمیشن برائے بھارت و پاکستان نے تاریخی قرارداد منظور کی، جس میں طے پایا کہ ریاست جموں و کشمیر کا مستقبل آزادانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے طے ہوگا۔

وزیراعظم نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی غیرقانونی قبضے کے باعث یہ وعدہ آج تک پورا نہ ہوسکا۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان کے پہلے منتخب وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ آج منائی جا رہی ہے

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام 8 دہائیوں سے بھارتی قابض افواج کے مظالم کا سامنا کر رہے ہیں، لیکن ان کا عزم ناقابل شکست ہے۔

شہباز شریف نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ بھارت کے جابرانہ اقدامات کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ کشمیری عوام کو ان کا جائز حق حق خودارادیت مل سکے۔

کشمیری عوام کی جانب سے ہر سال یہ دن منانے کا مقصد دنیا کو یاد دلانا ہے کہ کشمیر کے مستقبل کے حوالے سے عالمی ذمہ داریوں کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

Scroll to Top