قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
یہ کارروائی انٹرنیشنل لیگ ٹی20 کے سیزن 4 کے فائنل کے دوران ان کی ایک غیر مناسب حرکت کے باعث کی گئی۔
22 سالہ نسیم شاہ، جو اس لیگ میں ڈیزرٹ وائپرز کی نمائندگی کر رہے تھے، کو آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے لیول 1 کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ کیا گیا۔
یہ واقعہ اتوار کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل کے دوران پیش آیا، جب ڈیزرٹ وائپرز اور ایم آئی ایمریٹس کے درمیان مقابلہ جاری تھا۔
آئی سی سی کے کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.5 کے تحت نسیم شاہ پر یہ کارروائی کی گئی، جو کہ آؤٹ ہونے کے بعد بیٹر کو اشتعال دلانے یا توہین آمیز رویے، زبان یا اشاروں کے استعمال سے متعلق ہے۔
واقعے کے مطابق ایم آئی ایمریٹس کے کپتان کیرون پولارڈ نے نسیم شاہ کی گیند کا دفاع کیا اور گیند سیدھی نسیم کی طرف گئی۔ گیند پکڑ کر نسیم شاہ نے مسکراتے ہوئے پولارڈ کی طرف دیکھا، جس پر پولارڈ نے سخت ردعمل دیا اور دونوں کے درمیان تلخ کلامی شروع ہو گئی۔ کھلاڑیوں کے قریب آ جانے اور امپائرز کی مداخلت کے بعد معاملہ ختم کیا گیا، لیکن دونوں ناخوش دکھائی دیے۔
میچ کے اختتام پر ڈیزرٹ وائپرز نے ایم آئی ایمریٹس کو 46 رنز سے شکست دے کر پہلی بار انٹرنیشنل لیگ ٹی20 کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔





