اسلام آباد: پاکستان کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی ہے جس کی وجہ سے ملک کی اہم موٹرویز پر ٹریفک کی آمدورفت معطل ہو گئی ہے۔
سینٹرل ریجن موٹر وے پولیس کے ترجمان کے مطابق پنجاب میں دھند کے ڈیرے قائم ہونے سے عوام کی حفاظت کے لیے موٹرویز بند کر دی گئی ہیں۔
دُھند کے باعث (موجودہ صورتحال):
ایم-1: ٖپشاور سے برہان انٹرچینج تک بند ہے۔
ایم-3: ٖدرخانہ سے جڑانوالہ تک بند ہے۔
ایم-4: شیر شاہ سےفیصل آباد تک بند ہے۔
ایم-5: شیر شاہ سے روہڑی تک بند ہے۔— National Highways & Motorway Police (NHMP) (@NHMPofficial) January 5, 2026
بندش میں ایم-1 پشاور سے برہان انٹرچینج، ایم-3 درخانہ سے جڑانوالہ، ایم-4 شیر شاہ سے فیصل آباد، اور ایم-5 شیر شاہ سے روہڑی شامل ہیں۔
مزید برآں موٹروے ایم-4 پنڈی بھٹیاں سے ملتان اور ایم-5 ملتان سے سکھر تک بھی دھند کے باعث بند کر دی گئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ موٹرویز کی بندش کا مقصد عوام کی جان و مال کا تحفظ ہے کیونکہ دھند میں لین کی خلاف ورزی خطرناک حادثات کا باعث بن سکتی ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دن کے روشن اوقات میں سفر کو ترجیح دیں، صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک سفر محفوظ سمجھا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : بیگم خالدہ ضیا ایک عظیم سیاسی رہنما تھیں، وزیراعظم شہباز شریف کا خراجِ تحسین
انہوں نے ڈرائیور حضرات سے کہا کہ فوگ لائٹس لازمی استعمال کریں، غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، تیز رفتاری سے گریز کریں اور آگے والی گاڑی سے محفوظ فاصلہ رکھیں۔
رہنمائی اور مدد کے لیے نیشنل ہائی وے موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی دھند چھائی ہوئی ہے، جس سے پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، سوات اور ڈیرہ اسماعیل خان کے میدانی علاقوں میں حدِ نگاہ بہت کم ہو گئی ہے۔





