پولیس فورس کی جدت اور عوامی خدمت ہماری اولین ترجیح ہے، آئی جی پی ذوالفقار حمید

نوشہرہ: انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے نوشہرہ کا دورہ کیا اور تھانہ نوشہرہ کینٹ میں جدید مواصلاتی ٹاور (ٹیٹرا) اور آفیسرز کے رہائشی بلاک کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر انہوں نے پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود، تھانوں کے انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن اور عوام دوست اقدامات پر زور دیا۔

آئی جی پی نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس جدت کی طرف گامزن ہے اور پولیس کو جدید اسلحہ، گاڑیاں اور دیگر سازوسامان سے لیس کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی پولیس اپنی بہادری اور سماج دشمن عناصر کے خلاف جوانمردی کے باعث ایک منفرد مقام رکھتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نامساعد حالات، دہشت گردی اور دیگر خطرات کے باوجود پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے۔

تھانوں کی بہتری اور اہلکاروں کے مورال کو بلند کرنے کے اقدامات سے فورس پہلے سے زیادہ عزم و اعتماد کے ساتھ عوام کی خدمت کر رہی ہے۔

آئی جی پی نے نوشہرہ میں ڈی آر سی (ڈسپیوٹ ریزولوشن کونسل) کے ممبران سے بھی ملاقات کی اور عوامی مسائل کے غیر جانبدارانہ حل پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں : راتوں رات موٹروے اچانک بند، بڑی وجہ سامنے آگئی

اس دوران انہوں نے تھانہ مصری بانڈہ کی نئی تعمیر شدہ عمارت کا دورہ کیا، وہاں سنگ بنیاد رکھا اور پودا بھی لگایا۔

آئی جی پی کے ہمراہ ایڈیشنل آئی جی ہیڈ کوارٹرز عباس احسن، ریجنل پولیس آفیسر مردان ربنواز خان اور ضلعی پولیس سربراہ نوشہرہ احمد شاہ بھی موجود تھے۔

نوشہرہ پولیس کے چاک و چوبند دستے نے آئی جی پی کا پرتپاک استقبال کیا۔

Scroll to Top