اسلام آباد: وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر سردیوں میں گھریلو صارفین کو اضافی گیس فراہم کی جا رہی ہے تاکہ عوام کو ریلیف دیا جا سکے۔
وفاقی وزیر پٹرولیم کی زیر صدارت اجلاس میں ملک بھر میں سردیوں کے دوران گیس فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ دسمبر 2025 میں SNGPL نے گزشتہ سال کے مقابلے میں 95 ایم ایم سی ایف ڈی اضافی گیس فراہم کی، جبکہ ایس ایس جی سی نے دسمبر میں 32 ایم ایم سی ایف ڈی اضافی گیس سپلائی کی۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ گیس نیٹ ورک کے آخری علاقوں میں پریشر مانیٹرنگ کے لیے جدید IoT اور ٹاؤن بارڈر سسٹمز نصب کیے گئے ہیں تاکہ صارفین کو بلا تعطل گیس فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے ایس ایس جی سی کو ہدایت دی کہ ٹیل اینڈ علاقوں میں پریشر اور الارم سسٹمز کو مزید بہتر بنایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا پولیس میں اعلیٰ افسران کے اہم تبادلے اور تعیناتیاں
اوگرا کی آڈٹ رپورٹ کے مطابق SNGPL کی 98.5 فیصد اور SSGC کی 97 فیصد کسٹمر شکایات مقررہ معیاد کے مطابق حل ہوئی ہیں۔
وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ ہر شکایت کے حل کے بعد صارفین سے فیڈبیک کا نظام بنایا جائے تاکہ خدمات میں شفافیت اور معیار بہتر بنایا جا سکے۔
وفاقی وزیر نے زور دیا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام کو ریلیف فراہم کرنا اور گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانا ہے۔





