خیبر پولو فیسٹیول 2026 کا شاندار اختتام، گلگت بلتستان نے فائنل میں میدان مار لیا

پشاور: پشاور میں منعقد ہونے والے خیبر پولو فیسٹیول 2026 کے پہلے ایڈیشن کا اختتام شاندار رعنائی اور جوش و خروش کے ساتھ ہوا۔

فائنل میچ پولو کے روایتی حریفوں، چترال اور گلگت بلتستان کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا، جس میں گلگت بلتستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے چترال کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی۔

فائنل میچ کے مہمانِ خصوصی کور کمانڈر پشاور تھے، جنہوں نے میچ کا معائنہ کیا اور فاتح ٹیم کو مبارکباد دی۔

اس موقع پر خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے مختلف علاقوں سے ہزاروں شائقین نے فیسٹیول میں شرکت کی، جنہوں نے پولو کے سنسنی خیز لمحات سے بھرپور لطف اٹھایا۔

فیسٹیول کے دوران ثقافتی رنگ بھی نمایاں رہے۔ چترالی روایتی رقص، لوک میوزیکل پرفارمنس اور نیزہ بازی کے روایتی کھیل نے حاضرین کو محظوظ کیا۔

پاک آرمی کے ایس ایس جی جوانوں نے فری فال جمپس کا حیرت انگیز مظاہرہ پیش کیا، جبکہ خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں کے روایتی رقص بھی شرکاء کی دلچسپی کا مرکز بنے۔

یہ بھی پڑھیں : صارفین کے لیے خوشخبری، سردیوں میں گیس کی فراہمی میں اضافہ

کور کمانڈر پشاور نے فیسٹیول کے کامیاب انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ سرگرمیاں قومی ثقافت کے فروغ، نوجوانوں کی مثبت مصروفیات اور علاقائی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ آئندہ برسوں میں یہ فیسٹیول مزید وسیع پیمانے پر منعقد کیا جائے گا تاکہ ملک کے دیگر علاقوں کے شائقین بھی اس شاندار کھیل سے لطف اندوز ہو سکیں۔

فیسٹیول کے منتظمین نے کہا کہ اس ایونٹ کا مقصد نہ صرف پولو کے کھیل کو فروغ دینا بلکہ ثقافتی روابط اور مختلف علاقوں کے نوجوانوں کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مضبوط کرنا بھی تھا، جس میں انہیں شائقین اور فوجی جوانوں کی بھرپور حمایت حاصل ہوئی۔

Scroll to Top