فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بنگلہ دیشی ایئر چیف کی ملاقات،دفاعی تعاؤن کے فروغ پر تبادلہ خیال

چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بنگلہ دیشی ایئر فورس کے چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل حسن محمود خان نے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں ہونے والی ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور،علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی و عسکری تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

فریقین نے پاک، بنگلادیش مسلح افواج کے مابین پیشہ ورانہ تعاون، تربیتی تبادلوں اور دفاعی تعلقات کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بنگلادیش کے ساتھ دیرپا دفاعی تعلقات کے فروغ کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

معزز مہمان ایئر چیف مارشل حسن محمود خان نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہااور خطے میں امن و استحکام کیلئے پاک فوج کی خدمات کی تعریف کی۔

بیان کے مطابق نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف سے بھی بنگلادیشی ایئر چیف کی ملاقات ہوئی جس میں باہمی پیشہ ورانہ دلچسپی کے اموراور بدلتے ہوئے علاقائی سکیورٹی منظر نامے پر تبادلہ خیال کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات کا جائزہ لیااور دونوں برادر ممالک کی مسلح افواج کے درمیان تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

فریقین نے اعلیٰ سطح کے روابط اور مشترکہ تربیتی مشقوں کی تعداد میں اضافے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔

Scroll to Top