اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی خیبرپختونخوا حکومت پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی سہولت کاری کا سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی، ٹی ٹی پی کا سیاسی ونگ بن چکی ہے اور اسی وجہ سے اس کی قیادت اور ترجمان ٹی ٹی پی کے خلاف بات کرنے سے گھبراتے ہیں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ 2025 ہر لحاظ سے پاکستان کی کامیابیوں کا سال رہا۔ ان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے شاندار کامیابیاں حاصل کیں اور اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست فاش دی۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح پاک فضائیہ نے دشمن کے جہاز گرائے، اس پر بین الاقوامی سطح پر سرٹیفکیشن ہوچکی ہے اور عالمی سطح پر یہ تسلیم کیا جا رہا ہے کہ بھارت کے سات جہاز مار گرائے گئے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 2025 معیشت کی بحالی کا بھی سال تھا، اگر ملک ڈیفالٹ کر جاتا تو شدید افراتفری پیدا ہوجاتی، تاہم حکومتی پالیسیوں کے باعث تاجروں اور صنعتکاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کرنے کی کوششیں کی گئیں، مگر اب ملک عالمی سطح پر کامیابیاں سمیٹ رہا ہے اور ایک سنجیدہ قیادت موجود ہے۔
عطا تارڑ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں گورننس مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، صوبائی حکومت کے پاس کوئی واضح روڈ میپ موجود نہیں اور وزیراعلیٰ صوبے کے مسائل حل کرنے کے بجائے دوسرے صوبوں کے دورے کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لاہور پہنچتے ہی خواتین کی تضحیک کی گئی، طعنے دیے گئے اور عظمیٰ بخاری کے بارے میں نامناسب کلمات ادا کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں : یونیورسٹی آف پشاور شدید مالی بحران کا شکار، وفاق کے حوالے کرنے کا مطالبہ کردیا، جیک
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ خواتین کو نشانہ بنانا بزدل لوگوں کا کام ہے اور بزدل شخص ہمیشہ خواتین پر حملہ کرتا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے ایک بار پھر الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کی خیبرپختونخوا حکومت ٹی ٹی پی کی سہولت کار ہے اور کہا کہ یہ لوگ خواتین پر تنقید تو کرتے ہیں مگر ٹی ٹی پی کی مذمت کے لیے ان کے منہ سے دو الفاظ نہیں نکلتے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ٹی ٹی پی پاکستان کی دشمن ہے اور ریاست اسے مکمل طور پر ختم کرے گی۔





