ٹی ٹوئنٹی سیریز، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان فیصلہ کن مقابلہ آج ہوگا

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کا تیسرا اور آخری فیصلہ کن میچ آج دمبولا میں کھیلا جائے گا۔

میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 6 بجے ٹاس اور ساڑھے 6 بجے پہلی اننگز کے آغاز سے شروع ہوگا، سیریز میں پاکستان کو 0-1 کی برتری حاصل ہے۔

دونوں ٹیمیں سیریز جیتنے کے لیے میدان میں اتریں گی جس کے باعث شائقین کرکٹ کو ایک سنسنی خیز مقابلے کی توقع ہے، میچ میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم سیریز اپنے نام کرے گی۔

واضح رہے کہ سیریز کا دوسرا میچ مسلسل بارش کے باعث ممکن نہ ہو سکا تھا، بارش کی وجہ سے نہ صرف ٹاس میں تاخیر ہوئی بلکہ بعد ازاں گراؤنڈ کو مکمل طور پر کور کرنے کے باوجود میچ منسوخ کرنا پڑا۔

گرین شرٹس نے سیریز کے پہلے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی، دمبولا میں کھیلے گئے پہلے میچ میں پاکستان نے 129 رنز کا ہدف 16.4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا تھا۔

پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان 51 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ صائم ایوب نے 24، سلمان علی آغا نے 16 اور فخر زمان نے 5 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے جنیت لیانج 40 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ چارتھ اسالنکا اور ونندو ہسارنگا نے 18، 18 رنز بنائے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں سردی کا راج!دھند، یا بارش؟ محکمہ موسمیات نے راز کھول دیا

پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا اور ابرار احمد نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد وسیم جونیئر اور شاداب خان نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

Scroll to Top