پشاور کے علاقے ظاہر گھڑی میں سی ٹی ڈی کے کامیاب ٹارگٹڈ آپریشن میں فتنہ الخوارج کے 3 خوارج مارے گئے۔
محکمہ انسداد دہشت گردی خیبرپختونخوا (سی ٹی ڈی) پشاور نے مصدقہ اطلاع پر پشاور کے نواحی علاقے ٹپوسانو باچا قبرستان، ظاہر گھڑی میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب ٹارگٹڈ آپریشن کیا جس کے دوران انتہائی مطلوب تین دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے چند ساتھی آبادی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے، جن کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن جاری ہے، ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے دو کلاشنکوفیں اور ایک پستول بمع کارتوس برآمد کیے گئے ہیں۔
ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کامیاب کارروائی پر محکمہ انسداد دہشت گردی کے جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہادر اہلکار فتنہ الخوارج کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور ایسے دلیر جوان دہشت گردی کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: باجوڑ: تحصیل ماموند میں نامعلوم افراد کی فائرنگ، سی ٹی ڈی اہلکار شہید
انہوں نے مزید کہا کہ امن و امان کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے سی ٹی ڈی کے اہلکار ہمہ وقت تیار ہیں اور دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔





