دمبولا میں کھیلے گئے تین میچز پر مشتمل سیریز کے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو جیت کے لیے 161 رنز کا ہدف دے دیا۔ بارش سے متاثرہ میچ کو 12 اوورز فی اننگز تک محدود کر دیا گیا تھا۔
سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 12 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے۔ داسن شاناکا 34 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، جبکہ کوشل مینڈس نے 30 اور دھننجایا ڈی سلوا نے 22 رنز اسکور کیے۔ اس کے علاوہ چارتھ اسالنکا نے 21 اور کامل مشارا نے 20 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے محمد وسیم جونیئر نے تین اوورز میں 54 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد نواز، فہیم اشرف اور نسیم شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں جس میں خواجہ نافع اور نسیم شاہ کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ فخر زمان اور سلمان مرزا کو آرام دیا گیا ہے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان یہ اہم ٹی20 سیریز کا فیصلہ کن میچ ہے اور دونوں ٹیمیں جیت کے لیے پرعزم ہیں، سیریز میں پاکستان کو اب تک ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔
واضح رہے کہ سیریز کا دوسرا میچ مسلسل بارش کی وجہ سے ممکن نہ ہو سکا تھا, اس دوران نہ صرف ٹاس میں تاخیر ہوئی بلکہ گراؤنڈ کو مکمل کور کرنے کے باوجود میچ منسوخ کرنا پڑا۔
سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
ڈمبولا میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے 129 رنز کا ہدف 16.4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا تھا۔
پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان 51 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ صائم ایوب نے 24، سلمان علی آغا نے 16 اور فخر زمان نے 5 رنز بنائے۔ سری لنکا کی جانب سے جنیت لیانج 40 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، جبکہ چارتھ اسالنکا اور ونندو ہسارنگا نے 18، 18 رنز بنائے۔
یہ بھی پڑھیں: پہلا ٹی20، پاکستان نے سری لنکا کوشکست دے دی
بولنگ میں پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا اور ابرار احمد نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد وسیم جونیئر اور شاداب خان نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔





