بھارت کے بدنام زمانہ گینگسٹر لارنس بشنوئی کے گینگ کی جانب سے معروف پنجابی گلوکار پراتیک بچن المعروف بی پراک کو مبینہ طور پر جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے، 10 کروڑ روپے بھتّے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ دھمکی گینگ کے ایک رکن کی جانب سے دی گئی، بتایا گیا ہے کہ بی پراک کے قریبی ساتھی اور پنجابی گلوکار دلنور کو 5 جنوری کو ایک غیر ملکی نمبر سے دو مسڈ کالز موصول ہوئیں جنہیں نظرانداز کر دیا گیا۔ بعد ازاں اگلے روز ایک اور غیر ملکی نمبر سے کال موصول ہوئی۔
فون کرنے والے شخص نے خود کو ارجو بشنوئی ظاہر کیا اور دلنور کو ہدایت کی کہ وہ یہ پیغام بی پراک تک پہنچائیں کہ ایک ہفتے کے اندر 10 کروڑ روپے ادا کیے جائیں۔
دھمکی دینے والے نے کہا کہ بی پراک چاہے کسی بھی ملک چلے جائیں، تاہم اگر ان سے وابستہ کوئی شخص قریب پایا گیا تو نقصان پہنچایا جائے گا۔
دھمکی میں مزید کہا گیا کہ مطالبہ پورا نہ ہونے کی صورت میں بی پراک کو قتل کر دیا جائے گا، دلنور کی شکایت پر پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ کالز کے ذرائع کا سراغ لگایا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ کے خصوصی ماہرین نے مودی سرکار کے جھوٹ کاپردہ چاک کردیا
واضح رہے کہ بی پراک پنجابی اور ہندی موسیقی کے معروف گلوکار اور میوزک ڈائریکٹر ہیں، جن کے مشہور گانوں میں “من بھرّیا اور فلم اینیمل کا مقبول گانا ساری دنیا جلا دیں گے شامل ہے۔





