بھتہ نہ ملنے پر آگ لگا دی گئی! بنوں میں فتنہ الخوارج کا ترقیاتی منصوبے پر حملہ، ٹھیکیدار کی کروڑوں کی مشینری راکھ ہو گئی

بھتہ نہ ملنے پر آگ لگا دی گئی! بنوں میں فتنہ الخوارج کا ترقیاتی منصوبے پر حملہ، ٹھیکیدار کی کروڑوں کی مشینری راکھ ہو گئی

بنوں کے علاقے دوا منزی میں سرکلر روڈ منصوبے پر کام کرنے والی نجی کمپنی کے کیمپ پر فتنہ الخوارج نے وحشیانہ حملہ کر کے کروڑوں روپے مالیت کی مشینری کو نذرِ آتش کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق یہ حملہ اس وقت ہوا جب کمپنی نے خوارج کے بھتہ کے مطالبے کو مسترد کیا۔

حملہ آوروں کی تعداد تقریباً 20 سے 25 بتائی جا رہی ہے، جنہوں نے رات کے وقت کیمپ میں داخل ہو کر کرین، ڈمپر، ایکسکیویٹر، واٹر ٹینکر، جنریٹر، رولر، لوڈر، سولر پلانٹ، ٹریکٹر، ڈیزل ڈرم، کرننگ کمپاؤنڈ ڈرم اور ویلڈنگ پلانٹ کو آتش زدگی کا نشانہ بنایا۔

انجنئیر شرافت نے بتایا کہ حملے کے دوران تمام مزدور محفوظ رہے اور کسی کو کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم ہونے والے مالی نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ حملہ صرف فتنہ الخوارج اور فوج کے درمیان تصادم نہیں، بلکہ عوام کی ترقی اور ملک کے ترقیاتی منصوبوں کے دشمنانہ رویے کا بھی واضح ثبوت ہے۔ بھتہ خوری، دھمکیوں اور خوف کے ذریعے عام شہریوں اور ترقیاتی منصوبوں کو یرغمال بنانے کی یہ کوشش خوارج کے غیر قانونی اور غیر اسلامی عزائم کو عیاں کرتی ہے۔

صوبائی حکام اور سیکیورٹی اداروں نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام اور سیکیورٹی اداروں کا عزم اس طرح کی دہشت گردانہ کارروائیوں سے کمزور نہیں ہو سکتا۔ فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے تک ان کے خلاف کارروائیاں پوری قوت اور تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی تاکہ عوام کی ترقی اور امن کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

یہ حملہ ایک بار پھر اس بات کا ثبوت ہے کہ خوارج نہ صرف ریاست بلکہ ترقی، روزگار اور امن کے دشمن ہیں، اور ایسے عناصر کے خلاف فوری اور موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔

Scroll to Top