خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کا ایک بڑا منصوبہ سیکورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کے باعث ناکام بنا دیا گیا۔ بنوں کے علاقے بکا خیل احمدزیی میں مرکزی سڑک پر بھاری مقدار میں رکھا گیا بارودی مواد سیکورٹی فورسز نے ناکارہ بنا دیا، جس سے ممکنہ بڑے نقصان سے بچا جا سکا۔
ذرائع کے مطابق بارودی مواد ایک ڈرم میں رکھا گیا تھا اور یہ کسی بڑے حملے کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔ فورسز کی بروقت کارروائی اور پیشہ ورانہ مہارت کے باعث نہ صرف بارودی مواد ناکارہ بنا دیا گیا بلکہ علاقے میں موجود عوام مکمل طور پر محفوظ رہے۔
ماہرین کے مطابق فتنہ الخوارج کی یہ بزدلانہ کارروائیاں ان کی شکست، کمزوری اور مایوسی کی واضح علامت ہیں۔ دہشت گرد گروہ اپنی ناکامیوں اور خوفزدگی کے باوجود عوام اور ترقیاتی منصوبوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کرتا ہے تاکہ امن و امان کے ماحول کو خراب کیا جا سکے۔
سیکورٹی ذرائع نے کہا کہ عوامی تعاون اور ریاستی عزم کی بدولت ایسے فتنہ پرور عناصر کا مکمل خاتمہ ممکن ہے، اور مستقبل میں بھی ایسے کسی بھی منصوبے کو بروقت ناکام بنانے کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں گے۔
یہ واقعہ اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ پاکستان کی سیکورٹی فورسز عوام کی حفاظت اور ترقیاتی منصوبوں کی حفاظت کے لیے ہر لمحہ چوکس ہیں اور کسی بھی دہشت گردانہ سازش کو ناکام بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔





