بنوں میں 116 بریگیڈ کے بریگیڈیئر عمیر نیازی اور ڈپٹی کمشنر فہیم خان نے عمائدینِ علاقہ کے ساتھ اہم جرگہ منعقد ہوا۔
عمائدین کے ساتھ ہونے والے جرگے میں علاقے کی مجموعی سیکیورٹی اور انتظامی صورتحال پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
جرگے کے دوران مشرانِ علاقہ نے سڑکوں کی تعمیر و مرمت، سکولوں میں اساتذہ کی غیر حاضری کے مسئلے پر مؤثر کارروائی اور فور جی انٹرنیٹ سروسز کی بحالی جیسے اہم مطالبات پیش کیے۔
اس موقع پر بریگیڈ کمانڈر نے ریاستی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں امن و استحکام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے سرکاری ملازمین کو اپنی ڈیوٹیاں دوبارہ سنبھالنے کی ہدایت دی اور غیر فعال اسکولوں اور صحت کے مراکز کی فہرستیں فراہم کرنے پر زور دیا، خوارج کے ساتھ ہر قسم کے رابطے سے گریز کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: ہنگو میں امن و امان کے قیام کے لیے انتظامیہ، پولیس اور مشران کا مشترکہ گرینڈ جرگہ
بریگیڈ کمانڈر عمیر نیازی نے مزید یقین دہانی کرائی کہ سیکیورٹی انتظامات مکمل ہونے کے بعد علاقے کی تمام سڑکیں عوام کے لیے کھول دی جائیں گی۔





