ہنگو: ہنگو میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کے پیشِ نظر ڈپٹی کمشنر ہنگو کے دفتر میں ایک گرینڈ جرگہ منعقد ہوا، جس میں ضلعی انتظامیہ، پولیس افسران، امن کمیٹی کے اراکین، اہلِ سنت و اہلِ تشیع کے معزز مشران، قبائلی عمائدین اور صحافیوں نے شرکت کی۔
گرینڈ جرگہ کے آغاز پر ہنگو پولیس کے شہداء کی یاد میں فاتحہ خوانی کی گئی۔ بعد ازاں خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس (ڈی پی او) ہنگو خان زیب مہمند، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نصیر خان اور لیفٹیننٹ کرنل لخکر خان نے کہا کہ ضلع میں امن و امان کی بحالی اور پائیدار امن کے قیام کے لیے علاقائی سطح پر مؤثر امن کمیٹیوں کا قیام ناگزیر ہے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے امن کمیٹیوں اور عوام کو ہر ممکن تحفظ فراہم کریں گے۔
افسران نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی قسم کی بدامنی، سہولت کاری یا قانون شکنی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور ضلع میں امن و امان کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان نے صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کے اسرائیلی اعلان کو مسترد کر دیا
جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے مشران اور امن کمیٹی کے نمائندوں نے علاقے میں سرگرم مسلح دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائیوں کے دائرہ کار کو مزید مؤثر اور وسیع کرنے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے عوامی شراکت کے ذریعے پائیدار امن قائم رکھنے پر زور دیا اور کہا کہ ہنگو کے عوام ماضی میں بھی مشکل حالات کا سامنا کر چکے ہیں اور کسی صورت علاقے کا امن خراب نہیں ہونے دیں گے۔
گرینڈ جرگہ کے اختتام پر تمام شرکاء نے ضلع ہنگو میں دیرپا امن، بھائی چارے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔





