ایبٹ آباد: ریجنل ٹیکس آفس (آر ٹی او) ایبٹ آباد نے منگل کے روز ٹھاکرہ اسٹیڈیم مانسہرہ میں 4 لاکھ 39 ہزار 390 غیر قانونی، نان ڈیوٹی پیڈ اور اسمگل شدہ سگریٹ تلف کر دیے۔
یہ سگریٹ تقریباً 16.6 ملین روپے مالیت کے تھے، جن میں سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی) کی مد میں 7.9 ملین روپے شامل تھے۔
تقریب میں آر ٹی او ایبٹ آباد کی چیف کمشنر محترمہ فرحت قیوم نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس کے علاوہ زون 1 اور زون 2 کے کمشنرز، ایڈیشنل کمشنر، ڈپٹی کمشنر انکم ریونیو، ڈپٹی کمشنر مانسہرہ، ضلعی تعلیمی افسر مانسہرہ، سول ڈیفنس، ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (ای پی اے) اور دیگر محکموں کے نمائندے بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا کے منی مائیکرو پاور پلانٹ پراجیکٹس میں سنگین بے ضابطگیوں کا انکشاف
آر ٹی او ایبٹ آباد کی اس کارروائی سے حکومت کے ٹیکس چوری اور غیر قانونی تجارت کے خلاف عزم کا اظہار ہوتا ہے۔
غیر قانونی سگریٹوں کی تلفی حکومت کی تمباکو نوشی کے کنٹرول اور ریونیو میں اضافے کی کوششوں کو مزید مؤثر بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔