ایران مخالف قرارداد کے خلاف ووٹ، پاکستان نے انصاف کا ساتھ دیا: ایرانی سفیر

اسلام آباد: پاکستان میں متعین ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں ایران مخالف قرارداد کے خلاف ووٹ دینے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

ایرانی سفیر نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان نے یواین انسانی حقوق کونسل میں ایران مخالف قرارداد کے خلاف ووٹ دے کر ایران کے حق میں ایک اصولی اور جرات مندانہ مؤقف اختیار کیا، جو انصاف، انسانی حقوق اور قومی خودمختاری کے احترام کی عکاسی کرتا ہے۔

رضا امیری مقدم نے وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی قیادت میں پاکستان کے کردار کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے غیر منصفانہ قرارداد پر ووٹنگ کا مطالبہ کر کے بے مثال جرات کا مظاہرہ کیا۔

ایرانی سفیر کے مطابق ایران کے خلاف 12 روزہ جارحیت، بیرونی حمایت یافتہ ہنگامے اور عالمی اداروں کے غلط استعمال کی کوششیں ناکام ہو چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف سیاسی اور بلا جواز اقدامات کو مسلسل تیسری ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : برطانیہ نے ایران اور امریکا کشیدگی کے پیشِ نظر قطر میں لڑاکا طیارے تعینات کر دیے

رضا امیری مقدم نے مزید کہا کہ پاکستان کی جانب سے ایران کی حمایت انصاف، انسانی حقوق، کثیرالجہتی نظام اور قومی خودمختاری سے وابستگی کا واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایران، پاکستان کی اس اصولی اور مستقل حمایت کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے یاد رکھے گا۔

Scroll to Top