شانگلہ: برفباری کے بعد مسلسل سڑکوں کی بندش، 16 سالہ نوجوان جان کی بازی ہار گیا

شانگلہ: شانگلہ میں شدید برفباری اور سڑکوں کی بندش کے باعث ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں بروقت طبی امداد نہ ملنے پر 16 سالہ نوجوان جان کی بازی ہار گیا۔

جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت پورن بیلہ کے رہائشی ایاس خان ولد اجمل خان کے نام سے ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ایاس خان کو شدید سردی کے باعث طبی پیچیدگیوں اور آکسیجن کی کمی کا سامنا تھا، تاہم بیلہ آمنوی سے آگے سڑکیں بند اور راستے انتہائی دشوار گزار ہونے کی وجہ سے اسے بروقت ہسپتال منتقل کرنا ممکن نہ ہو سکا۔

طویل اور مشکل سفر کے دوران نوجوان کی حالت بگڑتی گئی اور وہ راستے ہی میں دم توڑ گیا۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں مسلسل برفباری کے باوجود سڑکوں کی بحالی کے لیے بروقت اور مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے، جبکہ کسی بھی قسم کی ہنگامی ریسکیو یا طبی سہولیات بھی دستیاب نہیں تھیں۔

عوام نے اس واقعے کو انتظامی غفلت اور ناقص منصوبہ بندی کا شاخسانہ قرار دیا ہے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ برفباری کے موسم میں دور دراز علاقوں میں سڑکوں کی فوری بحالی، ایمرجنسی ریسکیو سروسز اور بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے دلخراش واقعات سے بچا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : سوات برفباری کی لپیٹ میں! تین دن گزرنے کے باوجود شاہراہیں بند، سیاح اپنی گاڑیوں سمیت پھنسے رہ گئے

جبکہ دوسری جانب سوات، وادی کالام میں شدید برفباری کے باعث سڑکیں تین روز گزرنے کے باوجود بند ہیں، جس کے نتیجے میں ہزاروں سیاح اپنی گاڑیوں سمیت مختلف مقامات پر پھنسے ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وادی کالام کی اہم شاہراہیں اور مرکزی روڈز شدید برفباری کے بعد بھی مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکیں۔ مقامی انتظامیہ اور متعلقہ محکمے برف ہٹانے اور سڑکیں کھولنے کے لیے دن رات کوشاں ہیں، تاہم برفباری کی شدت اور خراب موسم کی وجہ سے کام متاثر ہو رہا ہے۔

سیاحوں نے بتایا کہ وہ اپنی گاڑیوں میں پھنسے ہوئے ہیں اور کسی بھی قسم کی بنیادی سہولیات تک رسائی مشکل ہو گئی ہے۔ علاوہ ازیں، مقامی لوگ بھی برفباری اور سڑکوں کی بندش کے باعث نقل و حرکت میں شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

سوات کے حکام نے کہا ہے کہ امدادی ٹیمیں اور مشینری کے ذریعے سڑکیں کھولنے کی کوششیں جاری ہیں اور جیسے ہی موسم میں بہتری آئے گی، ٹریفک بحال کر دی جائے گی۔ شہریوں اور سیاحوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ فی الحال غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اپنی حفاظت کو اولین ترجیح دیں۔

Scroll to Top