ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: قومی ٹیم جائے گی یا نہیں؟ فیصلہ آگیا

اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی شرکت سے متعلق حتمی فیصلہ وزیراعظم سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے دوہرے معیار کو مسترد کرتا ہے اور اس معاملے پر اصولی مؤقف اپنایا گیا ہے۔

کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے واضح کیا کہ پاکستانی حکومت جو بھی فیصلہ کرے گی، پی سی بی اس پر من و عن عمل کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ کو سیاست سے دور رکھنا سب کے مفاد میں ہے اور تمام فریقین کو کھیل کے بنیادی اصولوں کے مطابق چلنا چاہیے۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑی باصلاحیت ہیں اور ہر میدان میں مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی مقابلے میں کامیابی کا دارومدار ٹیم ورک پر ہوتا ہے۔

محسن نقوی نے مزید بتایا کہ ان کی جلد وزیراعظم سے ملاقات متوقع ہے جس میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے متعلق امور پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔

انہوں نے ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کیا کہ ٹیم بھیجنے کا فیصلہ وزیراعظم کی مشاورت کے بغیر نہیں کیا جائے گا۔

ادھر کھلاڑیوں نے بھی پی سی بی کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بورڈ کے اصولی فیصلے کے ساتھ کھڑے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پی ایس ایل 11 کیلئے کھلاڑیوں کی نیلامی کا شیڈول جاری

جبکہ دوسری جانب پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن کے لیے کھلاڑیوں کی نیلامی 11 فروری کو کرانے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس بار پلیئرز کی نیلامی پاکستانی روپوں میں کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیلامی میں کھلاڑیوں کی کم سے کم قیمت 60 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ سب سے مہنگا کھلاڑی 4 کروڑ 20 لاکھ روپے تک میں خریدا جا سکے گا۔

پی ایس ایل 11 کے لیے ہر ٹیم کے اسکواڈ میں کم از کم 16 اور زیادہ سے زیادہ 20 کھلاڑی شامل کرنے کی اجازت ہوگی۔

اسکواڈ میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی تعداد پانچ سے سات رکھی گئی ہے، جبکہ ہر ٹیم اپنی پلینگ الیون میں تین یا چار غیر ملکی کھلاڑی شامل کر سکے گی۔

ذرائع کے مطابق پی ایس ایل 11 کی نیلامی سے قبل تمام فرنچائزز نے اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں، جبکہ شائقین کرکٹ کو اس ایونٹ سے قبل ایک بار پھر سنسنی خیز بولی اور بڑے ناموں کی شمولیت کی توقع ہے۔

Scroll to Top