پشاور: پشاور میں محکمہ ایکسائز خیبر پختونخوا نے اعلان کیا ہے کہ وہ 14 فروری کو مزید 40 چوائس نمبر پلیٹس کی نیلامی کرے گا۔
نیلامی میں معروف اور پسندیدہ ناموں جیسے سید، قادری، جتوئی، راجہ، پشتون سمیت دیگر چوائس نمبر پلیٹس شامل ہوں گی۔
مزید برآں اس نیلامی میں خیبر، بونیر، مہمند، کوہاٹ اور دیگر اضلاع کے نام سے منسوب نمبر پلیٹس بھی پیش کی جائیں گی، تاکہ شہریوں کو اپنی پسند کے مطابق منفرد نمبر حاصل کرنے کا موقع مل سکے۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق ہر چوائس نمبر پلیٹ کے لیے ابتدائی بولی 10 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔ اگر کسی نمبر پلیٹ پر بولی دہندگان کی تعداد تین سے کم ہوئی، تو اس نمبر کی نیلامی کو مؤخر کر دیا جائے گا۔
نیلامی میں حصہ لینے کے خواہشمند افراد سے ایک لاکھ روپے بطور سیکیورٹی رقم وصول کی جائے گی، جبکہ کامیاب بولی دہندہ کو نیلامی کے فوراً بعد مکمل رقم ادا کرنا لازمی ہوگی۔
محکمہ ایکسائز خیبر پختونخوا نے واضح کیا ہے کہ نیلامی کے تمام مراحل شفاف اور بروقت طریقے سے مکمل کیے جائیں گے، تاکہ شہریوں کا اعتماد برقرار رہے اور ہر شخص کو اپنی پسند کی نمبر پلیٹ حاصل کرنے میں مساوی موقع فراہم ہو۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا :ذاتی نمبر پلیٹس کی نیلامی، وزیر 1 ریکارڈ بولی میں فروخت
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے نشتر ہال پشاور میں ذاتی پسند کی نمبر پلیٹس کی نیلامی منعقد کی گئی جہاں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور کئی منفرد نمبر پلیٹس بھاری رقوم میں فروخت ہوئیں۔
نیلامی میں سب سے زیادہ توجہ وزیر 1 نمبر پلیٹ نے حاصل کی، جو ایک کروڑ 50 لاکھ روپے کی بلند ترین بولی پر فروخت ہوئی۔ اسی طرح آفریدی 1 نمبر پلیٹ بھی مہنگی ترین پلیٹس میں شامل رہی، جس پر ایک کروڑ 40 لاکھ 50 ہزار روپے کی بولی لگی اور یہ نمبر پلیٹ پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے خریدی۔
خان 1 نمبر پلیٹ پر بھی نمایاں بولی دیکھنے میں آئی اور یہ ایک کروڑ 11 لاکھ روپے میں فروخت ہوئی، جسے رکن صوبائی اسمبلی نیک محمد خان نے حاصل کیا۔ اس کے علاوہ پشاور 1 نمبر پلیٹ ایک کروڑ روپے میں نیلام ہوئی جبکہ ہری پور 1 نمبر پلیٹ 80 لاکھ روپے میں فروخت کی گئی۔





