اسلام آباد: فالج ایک ایسا مہلک مرض ہے جس میں دماغ کو خون کی فراہمی متاثر ہونے پر فوری علاج نہ ہونے کی صورت میں موت یا دائمی معذوری کا خطرہ بہت زیادہ بڑھ جاتا ہے۔
فالج کی دو اہم اقسام ہیں: ایک برین ہیمرج، جس میں دماغی شریان پھٹ جاتی ہے، اور دوسری اسٹروک، جس میں دماغ کو خون پہنچانے والی شریان بلاک ہو جاتی ہے، جس سے دماغ میں آکسیجن کی کمی اور نقصان ہوتا ہے۔
امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن (AHA) کے مطابق فالج ہر شخص کو لاحق ہو سکتا ہے، لیکن اس کا خطرہ عمر، ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر، موٹاپے اور ہائی کولیسٹرول کے حامل افراد میں زیادہ ہوتا ہے۔ خاص طور پر 55 سال کی عمر کے بعد ہر 10 سال کے وقفے پر فالج کا خطرہ دگنا بڑھ جاتا ہے۔
تاہم، محققین کے مطابق بعض غذائیں باقاعدگی سے استعمال کرنے سے فالج کے خطرے کو نمایاں حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔
فالج سے بچاؤ میں مفید غذائیں:
1. جو کا دلیہ:
ہارورڈ یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق دلیے پر مشتمل غذا کولیسٹرول اور بلڈ شوگر کو کنٹرول میں رکھتی ہے، جس سے دماغ کو خون پہنچانے والی شریانوں میں چربی جمع ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے اور فالج کے امکانات گھٹ جاتے ہیں۔
2. مچھلی:
ہفتے میں تین بار مچھلی کھانے والے افراد میں فالج کا خطرہ 6 سے 12 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔ مچھلی میں موجود اومیگا 3 فیٹی ایسڈ شریانوں میں ورم کو کم اور خون کی گردش بہتر بناتے ہیں، جبکہ خون جمنے کے امکانات بھی کم ہو جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : کورونا کے بعد پاکستان میں ایک اور نئے وائرس کا خطرہ، نام سامنے آ گیا
3. شکر قندی:
شکرقندی میں وٹامن سی، وٹامن بی6 اور پوٹاشیم پایا جاتا ہے، جو بلڈ پریشر کو کم رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ اس میں موجود فائبر کولیسٹرول کو کنٹرول کرنے میں بھی مفید ہے۔
4. کیلا:
کیلوں میں پوٹاشیم کی موجودگی بلڈ پریشر کو متوازن رکھتی ہے، جس سے فالج کے خطرے میں کمی آتی ہے۔
5. پالک:
پالک آئرن، فائبر اور وٹامنز سے بھرپور ہے۔ یہ شریانوں کی صحت بہتر بنانے اور پوٹاشیم کی موجودگی کے باعث بلڈ پریشر کو کم کرنے میں بھی مددگار ہے۔
6. بادام:
بادام کھانے سے نقصان دہ کولیسٹرول (LDL) کم اور مفید کولیسٹرول (HDL) بڑھتا ہے۔ اس سے بلڈ پریشر بھی کم رہتا ہے اور دل کی بیماریوں کے ساتھ فالج کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے۔
7. ڈارک چاکلیٹ:
ڈارک چاکلیٹ اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہے، شریانوں کی صحت بہتر بناتی ہے اور خون کے جمنے کے خطرے کو گھٹاتی ہے۔ تحقیق کے مطابق اس سے فالج کا خطرہ 17 فیصد تک کم ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے نپاہ وائرس کے پیش نظر ایڈوائزری جاری کر دی
8. ٹماٹر:
ٹماٹر میں موجود لائیکوپین اینٹی آکسیڈنٹ فالج کے خطرے کو 50 سے 60 فیصد تک کم کر دیتا ہے۔
9. مالٹے:
روزانہ مالٹے کھانے یا اس کے جوس کے استعمال سے فالج اور امراض قلب سے تحفظ حاصل ہوتا ہے، خصوصاً تمباکو نوشی کرنے والوں کے لیے۔ اس فائدہ کو اسٹرابری سے بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ غذائیں فالج کے خطرے کو کم کرنے میں مددگار ہیں، تاہم افراد کو اپنی صحت کے حوالے سے اپنے معالج سے مشورہ کرنا چاہیے۔





