اسلام آباد: پاکستان نے بھارت میں نیپا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر تمام داخلی راستوں پر ہائی الرٹ نافذ کر دیا ہے۔ حکومت نے انٹرنیشنل ائیر پورٹس، زمینی بارڈرز اور بندرگاہوں پر 100 فیصد مسافروں کی اسکریننگ کو لازمی قرار دیا ہے۔
بارڈر ہیلتھ سروسز پاکستان کے مطابق یہ اقدام عالمی ادارہ صحت (WHO) کی رپورٹ کے بعد اٹھایا گیا ہے تاکہ وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے لیے فوری اور مؤثر تدابیر کی جا سکیں۔
اہم اقدامات:
تمام مسافروں، عملے اور ڈرائیورز کی مکمل اسکریننگ لازمی ہوگی۔
بغیر بارڈر ہیلتھ سروسز کی ہیلتھ کلیئرنس کسی فرد کو ملک میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
مسافروں کی گزشتہ 21 دن کی سفری ہسٹری کی تصدیق ضروری ہوگی۔
نیپا سے متاثرہ علاقوں سے آنے والے مسافروں کی خصوصی نگرانی کی جائے گی۔
تمام پوائنٹس آف انٹری پر تھرمل اسکریننگ اور طبی معائنہ لازمی ہوگا، اور بخار یا دیگر علامات والے افراد کے فوری اقدامات کی ہدایت دی گئی ہے۔
نیپا وائرس کی علامات میں بخار، سر درد، سانس کی دشواری اور اعصابی مسائل شامل ہیں۔ مشتبہ مریض کو فوراً آئسولیٹ کرکے متعلقہ اداروں کو رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : تمام سرکاری ادارے خبردار! کم از کم تنخواہ کی ادائیگی کو یقینی بنانے کا حکم جاری
اس کے علاوہ کسی بھی مسافر کی جانب سے سفری معلومات چھپانے یا غلط بیانی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
یہ اقدامات پاکستان میں نیپا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے اور عوام کی صحت کے تحفظ کے لیے ضروری قرار دیے گئے ہیں۔





