بلوچستان کے ضلع بارکھان میں پاکستان کی سلامتی اور پاک افواج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی جس کی قیادت صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران نے کی۔
ریلی میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی جنہوں نے ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم اٹھا رکھے تھے۔
اس موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا کہ پاکستان ہمارا وطن ہے اور اس کے دفاع و استحکام کے لیے ضلع بارکھان کا ہر شہری صفِ اول میں کھڑا ہے۔
انہوں نے ملک کی سلامتی کے لیے پاک افواج اور سویلین شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کا خون ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ مٹھی بھر دہشت گردوں کو ان کے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پوری قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے اور وقت کا تقاضا ہے کہ ہم سب مل کر حکومت اور سیکیورٹی اداروں کے ہاتھ مضبوط کریں تاکہ اس پاک سرزمین سے آخری دہشت گرد کا بھی خاتمہ کیا جا سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان کی عوام دشمن کے پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے ملکی ترقی اور امن کے مشن میں ریاست کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں۔





