عازمینِ حج کےلیے بائیو میٹرک تصدیق کی آخری تاریخ کا اعلان

حج 2026 کے ویزے کب سے جاری ہوں گے؟ سعودی وزارت کا اہم اعلان

ریاض: سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ حج 2026 کے لیے ویزوں کے اجرا کا عمل 8 فروری سے شروع ہوگا۔

وزارت کے مطابق یہ اقدام معمول سے پہلے اٹھایا گیا ہے تاکہ حج کے انتظامات بروقت مکمل کیے جا سکیں اور دنیا بھر سے آنے والے عازمین کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

وزارت نے بتایا کہ بیرونِ ملک سے آنے والے تمام عازمین کے لیے فراہم کی جانے والی خدمات کے 100 فیصد معاہدے مکمل کر لیے گئے ہیں۔

اس کے ساتھ ہی مکہ مکرمہ میں رہائش کے تمام انتظامات نسک پلیٹ فارم کے ذریعے طے پا چکے ہیں تاکہ حج کے دوران عازمین کو کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔

اب تک سعودی وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق 7 لاکھ 50 ہزار عازمین کی رجسٹریشن ہو چکی ہے، جبکہ 30 ہزار سے زائد عازمین نے اپنے ممالک سے براہِ راست حج پیکجز بھی بک کروالیے ہیں۔

وزارت نے کہا کہ ابتدائی ویزا اجرا کا یہ مرحلہ حج کے لیے پیشگی منصوبہ بندی کی عکاسی کرتا ہے، جس سے انتظامات کو مزید منظم بنایا جا سکے گا اور لاکھوں عازمین کے لیے فراہم کی جانے والی خدمات کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ ویزوں کے اجرا میں یہ پیشگی آغاز عازمین کے لیے ذہنی سکون کا باعث بنے گا اور سعودی عرب کی طرف سے کیے جانے والے حج کے انتظامات کو بھی مؤثر بنائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : پی ایس ایل 11 کے لیے زلمی کا غیر متوقع انتخاب، افغان کرکٹر ٹیم میں شامل

اس سے نہ صرف حج کے عمل میں روانی آئے گی بلکہ عازمین کی حفاظت اور سہولیات کی فراہمی بھی یقینی ہو جائے گی۔

سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے تمام عازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ ویزا کے اجرا کے بعد جلد از جلد اپنے حج پیکجز کی تصدیق کریں تاکہ مکہ اور مدینہ میں رہائش اور دیگر سہولیات بلا تعطل فراہم کی جا سکیں۔

Scroll to Top