خیبرپختونخوا پولیس کو جدید گاڑیاں، اسلحہ اور حفاظتی سامان فراہم، آئی جی ذوالفقار حمید کا عزم

خیبرپختونخوا پولیس کو جدید گاڑیاں، اسلحہ اور حفاظتی سامان فراہم، آئی جی ذوالفقار حمید کا عزم

پشاور: ملک سعد شہید پولیس لائنز میں ایک پروقار تقریب کے دوران خیبرپختونخوا پولیس کو جدید وسائل اور حفاظتی سامان فراہم کیا گیا۔

تقریب میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل خان آفریدی مہمان خصوصی تھے، جبکہ انسپکٹر جنرل آف پولیس ذوالفقار حمید، ایڈیشنل آئی جیز، سینئر پولیس افسران اور میڈیا نمائندگان بھی موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق پولیس کو 22 نئی گاڑیاں فراہم کی گئیں جن میں 18 بلٹ پروف گاڑیاں حساس اضلاع کے لیے اور 4 نان بلٹ پروف گاڑیاں ہزارہ ریجن کے لیے دی گئیں۔

دہشت گردی کے خلاف موثر کارروائی کے لیے 20 موٹر سائیکلیں، 300 ایس ایم جیز، 10 ایل ایس آر سنائپر رائفلز، 4852 بلٹ پروف جیکٹس اور 4512 بلٹ پروف ہیلمٹس بھی پولیس فورس کے حوالے کی گئیں۔

انسپکٹر جنرل پولیس ذوالفقار حمید نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے پولیس کی استعداد کار بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس پر تیزی سے کام جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بین الاقوامی معیار کی سنائپر رائفلز پہلے ہی البرق فورس اور رپیڈ رسپانس فورس کو فراہم کی جا چکی ہیں، اور 14 ہزار بلٹ پروف جیکٹس کی کمی جلد پوری کی جائے گی۔

آئی جی نے کہا کہ بڑی شہروں میں دہشت گردی کے خلاف موٹر سائیکلیں بہت کارآمد ثابت ہو رہی ہیں اور رواں مالی سال میں 100 نئی موٹر سائیکلیں خریدی گئی ہیں، جبکہ اگلے سال مزید 200 موٹر سائیکلیں خریدنے کا منصوبہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تاریخی معاہدہ، تاجروں کے لیے سہولت کا اعلان

پشاور، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں سیف سٹی پراجیکٹ کے کام کے آخری مراحل میں ہیں، جس کا افتتاح وزیر اعلیٰ بہت جلد کریں گے۔

انہوں نے صوبائی پولیس کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس اگلے دو سالوں میں پاکستان کی پہلی مکمل طور پر جدید آلات سے لیس پولیس فورس بن جائے گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں تندہی سے ادا کرتی رہے گی۔

وزیر اعلیٰ محمد سہیل خان آفریدی نے تقریب کے دوران نئی گاڑیوں، اسلحہ اور حفاظتی سامان کا معائنہ کیا اور پولیس افسران و جوانوں سے ملاقات کی۔

Scroll to Top