آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں نیدرلینڈ کی ٹیم پاکستان کے خلاف بیٹنگ کر رہی ہے۔ اب تک ڈچ ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 31 رنز بنا لیے ہیں۔
کولمبو میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ نیدرلینڈ کی جانب سے اوپنرز مائیکل لیوٹ اور میکس اوڈووڈ نے اننگز کا آغاز کیا اور ٹیم کو 28 رنز کا مستحکم آغاز فراہم کیا۔ پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی میکس اوڈووڈ تھے جو 5 رنز بنا کر سلمان مرزا کی گیند پر آؤٹ ہوئے، جبکہ دوسرے آؤٹ ہونے والے اوپنر لیوٹ تھے جنہیں محمد نواز نے پویلین کی راہ دکھائی۔
ٹاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے کہا، ’’سری لنکا میں پہلی بار ایسی پچ دیکھ رہا ہوں، ٹیم میں تین پیسرز موجود ہیں اور ہم جو منصوبہ بندی کر چکے ہیں، اس پر عمل کرنے کی کوشش کریں گے۔‘‘
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں شامل کھلاڑیوں میں صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، سلمان علی آغا، بابر اعظم، عثمان خان، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، سلمان مرزا اور ابرار احمد شامل ہیں۔
نیدرلینڈ کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈ نے کہا کہ اگر وہ ٹاس جیتتے تو پہلے بولنگ کو ترجیح دیتے، لیکن بیٹنگ پر بھی کوئی اعتراض نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ میچ ہمارے لیے بہت اہم ہے اور باقی تین میچز بھی فیصلہ کن حیثیت رکھتے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شریک 20 ٹیموں کو چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، اور ایونٹ کے پہلے روز تین میچز کھیلے جائیں گے۔ گزشتہ روز پاکستانی ٹیم نے بھرپور پریکٹس کی تھی جبکہ میچ کے دوران بارش کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے، جس کی وجہ سے ٹاس کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔
آج ہونے والے دیگر میچوں میں ویسٹ انڈیز کا سامنا اسکاٹ لینڈ سے ہوگا جبکہ بھارت کی ٹیم امریکہ کے خلاف میدان میں اترے گی۔





