آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ ڈی میں افغانستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ایک سنسنی خیز مقابلہ ہوا، جو شائقین کرکٹ کے لیے یادگار ثابت ہوا۔ بھارت کے شہر احمد آباد میں کھیلے جانے والے اس میچ میں دونوں ٹیموں نے ابتدائی اوورز سے ہی بھرپور مقابلہ کیا اور میچ اتنا دلچسپ رہا کہ پہلا سپر اوور بھی فیصلہ نہ کر سکا۔
افغانستان کے کپتان راشد خان نے ٹاس جیت کر پہلے جنوبی افریقا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ ایڈم مارکرم اور کوئنٹن ڈی کوک نے اننگز کا آغاز کیا، لیکن 12 رنز پر مارکرم افغان بولر فضل حق فاروقی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ ابتدائی نقصان کے بعد ڈی کوک اور ریکلٹن نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور افغان بولرز کو زیادہ موقع نہ دیا۔ ایک ہی اوور میں دونوں کھلاڑیوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں، ریکلٹن نے 61 اور ڈی کوک نے 59 رنز بنائے۔ ڈیوالڈ بریوس اور ڈیوڈ ملر نے بالترتیب 23 اور 20 رنز جوڑے۔ یوں جنوبی افریقا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز اسکور کیے۔
افغانستان کی جانب سے عظمت اللہ عمرزئی نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کپتان راشد خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ دیگر افغان بولرز نے بھی ٹیم پر دباؤ برقرار رکھنے کی بھرپور کوشش کی۔
188 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغان بیٹرز نے بھرپور مزاحمت کی اور میچ کو انتہائی دلچسپ بنا دیا، لیکن پوری ٹیم 187 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ نتیجہ یہ ہوا کہ میچ برابر رہا اور فیصلہ سپر اوور پر منتقل ہوگیا۔ پہلے سپر اوور میں افغانستان نے 17 رنز کا ہدف دیا جسے جنوبی افریقا نے حاصل کرلیا
میچ کا حتمی فیصلہ دوسرے سپر اوور میں آیا، جہاں جنوبی افریقا نے افغانستان کو 24 رنز کا ہدف دیا اور اس میں کامیاب ہو کر فاتح بن گئی۔ یہ میچ شائقین کے لیے انتہائی سنسنی خیز اور دلچسپ ثابت ہوا۔





