محکمہ اعلی تعلیم کے مجاز حکام نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز سوات کے وائس چانسلر کا اضافی چارج یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر محمد صادق کے حوالے کر دیا ہے۔ اس فیصلے کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر محمد صادق سوات یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے فرائض تا حکم ثانی انجام دیں گے۔
اسی طرح، سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی ) کے تحت یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز سوات کے پراجیکٹ ڈائریکٹر کا اضافی چارج بھی پروفیسر ڈاکٹر محمد صادق کے سپرد کیا گیا ہے۔ اس فیصلے سے پروفیسر ڈاکٹر محمد صادق نہ صرف یونیورسٹی کی انتظامی قیادت کریں گے بلکہ ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی اور عمل درآمد کی ذمہ داریاں بھی سنبھالیں گے۔
محکمہ اعلی تعلیم کے مطابق یہ اقدام یونیورسٹی کی تعلیمی اور انتظامی کارکردگی کو مضبوط بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پروفیسر ڈاکٹر محمد صادق کی قیادت میں یونیورسٹی میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے اور ترقیاتی منصوبوں کی رفتار میں اضافہ متوقع ہے۔
سوات یونیورسٹی میں اس فیصلہ کے بعد تعلیمی اور انتظامی حلقوں میں توقعات بڑھ گئی ہیں کہ نئی قیادت کے تحت یونیورسٹی میں جدید تعلیم، تحقیقی سرگرمیوں اور ترقیاتی منصوبوں میں نمایاں بہتری آئے گی۔





