بھارت سے میچ کا بائیکاٹ، پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک فیصلے نے آئی سی سی کی دوڑیں لگا دیں

پاکستان کے بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے فیصلے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) شدید دباؤ کا شکار ہو گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی سی سی کو پاکستان کے بائیکاٹ کی صورت میں بھاری مالی نقصان کا خدشہ ہے جس کے باعث پاکستان کو فیصلے پر نظرثانی پر آمادہ کرنے کی کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔

اسی سلسلے میں آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سے ملاقات کی، جس میں پاک بھارت میچ کے بائیکاٹ کے خاتمے کی اپیل کی گئی، واضح رہے کہ پاک بھارت میچ 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول ہے۔

ادھر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے صدر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ امین الاسلام نے بھی ملاقات کی، جس میں موجودہ بحران پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نے حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے بنگلہ دیش سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا اعلان کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پی سی بی نے آئی سی سی کو بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کی وجوہات بتادیں

بنگلہ دیش نے بھارت میں سکیورٹی خدشات کے باعث اپنے میچز سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست کی تھی، جسے آئی سی سی نے مسترد کر دیا تھا، بنگلہ دیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو ایونٹ میں شامل کر لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی کے ساتھ مذاکرات کے بعد آئی سی سی کا وفد اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر واپس روانہ ہوں گے۔

Scroll to Top