پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ سے متعلق آئی سی سی کے خط کا جواب دے دیا۔
ذرائع کے مطابق حکومت پاکستان کی جانب سے آئی سی سی کے دہرے معیار کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت سے میچ کے بائیکاٹ کے اعلان کے بعد آئی سی سی نے پی سی بی کو خط لکھا تھا۔
پاکستان نے پہلے اعلان کیا تھا کہ وہ بھارت کے خلاف میدان میں نہیں اترے گا۔ یہ فیصلہ بنگلہ دیش کے ٹورنامنٹ سے سیکیورٹی خدشات کے باعث باہر کیے جانے کے بعد سامنے آیا، اور اس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کیا گیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی حال ہی میں تصدیق کی تھی کہ پاکستان کا یہ اقدام بنگلہ دیش کے ساتھ یکجہتی کے طور پر کیا گیا ہے کیونکہ بنگلہ دیش نے بھارت میں ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلنے سے سیکیورٹی خدشات کے باعث انکار کیا تھا۔
آئی سی سی نے بنگلہ دیش کو ٹورنامنٹ سے خارج کرکے اسکاٹ لینڈ کو شامل کیا جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھل کر بنگلہ دیش کی حمایت کی۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے آئی سی سی سے مطالبہ کیا تھا کہ ان کے میچز بھارت کے بجائے سری لنکا میں منتقل کیے جائیں کیونکہ انہیں بھارت میں کھلاڑیوں کی سیکیورٹی پر شدید خدشات تھے۔
بی سی بی اور بی سی سی آئی کے درمیان تنازع اس وقت شروع ہوا جب انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو آئندہ سیزن سے پہلے اسکواڈ سے ریلیز کر دیا۔





