چارسدہ: مردہ مرغیاں سپلائی کرنے والی گاڑی پکڑی گئی

ضلع چارسدہ کی تحصیل تنگی میں سپلائی ہونے والے مردہ مرغیوں سے بھری گاڑی پکڑ لی گئی، اس واقعہ کے دوران ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا ہے جسے علاج معالجہ کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر وقاص الرحمان نے اس حوالے سے بتایا کہ تحصیل تنگی میں سپلائی ہونے والے مردہ مرغیوں سے بھری گاڑی پکڑ لی گئی۔ خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ تنگی میں مردہ مرغیوں کو سپلائی کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اطلاع ملنے پر مختلف شاہراہوں پر پولیس کی مدد سے ناکہ بندی کی گئی، مذکورہ گاڑیوں کو روکنے کا اشارہ کرنے پر ملزمان نے گاڑی پولیس پر چڑھا دی، جس سے ناکے پر موجود ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا جسے طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ پولیس نے گاڑی کا تعاقب کر کے مردہ مرغیوں سے بھری گاڑی سمیت ملزمان کو گرفتار کرلیا، اب گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے، جس کے بعد معلوم ہوگا کہ مرغیاں کس ہوٹل یا جگہ پر سپلائی کی جار ہی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: صوابی اور چارسدہ میں فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی کارروائیاں، متعدد ہوٹلز اور کینٹین سیل

Scroll to Top