خیبرپختونخوا: پروانشل مینجمنٹ سروس کے 14 افسران کے تبادلے

پشاور ۔ خیبرپختونخوا حکومت نے پروانشل مینجمنٹ سروس کے14 افسران کے تبادلے کر دیے۔
تبدیل ہونے والے افسران میں گریڈ 19 کے چار، گریڈ 18 کے آٹھ اور گریڈ 17 کے دو افسران شامل ہیں۔ محکمہ اسٹیبلشمنٹ خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق 12 افسران کو اگلے گریڈ میں ترقی دینے کے بعد تعینات کیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق گریڈ 19 کے طارق جمال کی خدمات محکمہ لوکل گورنمنٹ کے حوالے کر دی گئی ہیں، جبکہ گریڈ 19 کے محمد ارشد کو ڈائریکٹر ضم اضلاع ڈائریکٹوریٹ جنرل آف اسپورٹس مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح شاہ نواز نوید کو ایک روز کے لیے ڈائریکٹر پی ایم یو ہائر ایجوکیشن تعینات کیا گیا، جس کے بعد انہیں ڈائریکٹر پی ایچ اے کا عہدہ سونپا جائے گا۔ گریڈ 19 کے امجد میراج کو پی اینڈ ڈی میں ان کے موجودہ عہدے پر برقرار رکھا گیا ہے۔

گریڈ 18 کے عبدالصبور کو ڈپٹی ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے، منیر خان کو پی اینڈ ڈی کے ڈسپوزل پر، پرویز خان کو ڈپٹی سیکریٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم، ساد گل اور غنی الرحمان کو ڈپٹی سیکریٹری محکمہ داخلہ تعینات کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا حکومت کا سرکاری ملازمین کو رہائشی یونٹ فراہم کرنے فیصلہ

اسی طرح گریڈ 18 کے محمد شفیق کو ڈپٹی سیکریٹری ہوم اینڈ ٹرائبل افیئرز، شیر رحمان کو ڈپٹی سیکریٹری محکمہ معدنیات، جبکہ ڈپٹی سیکریٹری بورڈ آف ریونیو شاہ وزیر کو سیکریٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کوہاٹ مقرر کیا گیا ہے۔ سیکریٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی محمد شعیب خان کو اسٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

Scroll to Top