ایران کے ساتھ ڈیل ہوگی یا نہیں؟ ٹرمپ نے اپنا موقف واضح کر دیا

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی وائٹ ہاؤس میں ملاقات ہوئی۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کوئی ٹھوس چیز طے نہیں ہوئی، میں نے زور دیا کہ ایران سے مذاکرات میں دیکھا جا رہا ہے کہ ڈیل ہوتی ہے یا نہیں۔

ٹرمپ کے مطابق، انہوں نے نیتن یاہو کو بتایا ہے کہ ایران سے ڈیل ترجیح ہے، ڈیل نہیں ہوتی تو دیکھیں گے کہ مذاکرات کا کیا نتیجہ نکلتا ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ پچھلی بار ایران نے فیصلہ کیا تھا کہ ڈیل نہ کرنا ان کے لیے بہتر ہے، اور پھر انہیں مڈنائٹ ہیمر بمباری کا سامنا کرنا پڑا، جو ان کے لیے اچھا ثابت نہیں ہوا۔

صدر ٹرمپ نے امید ظاہر کی کہ ایران کا رویہ اس بار زیادہ ذمہ دار اور معقول ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ غزہ میں پیش رفت پر بھی اسرائیلی وزیراعظم سے بات ہوئی۔

صدر ٹرمپ سے ملاقات کرنے سے پہلے اسرائیلی وزیراعظم نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کی، جس میں اسرائیلی وزیراعظم نے باضابطہ طور پر امریکی صدر کے بورڈ آف پیس میں شمولیت اختیار کر لی۔

یہ بھی پڑھیں : ایرانی تیل کی ترسیل روکنے کی تیاری؟ امریکی منصوبہ سامنے آ گیا

جبکہ دوسری جانب امریکی حکام نے ایران پر دباؤ بڑھانے کے لیے ایرانی تیل بردار جہازوں کو قبضے میں لینے کی حکمتِ عملی پر غور شروع کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وائٹ ہاؤس نے اس امکان پر تبادلہ خیال کیا ہے، تاہم امریکی حکام کو ایران کی ممکنہ جوابی کارروائی اور عالمی تیل کی منڈیوں میں عدم استحکام کا خدشہ ہے۔

امریکی عہدیداروں کے مطابق یہ حکمتِ عملی پہلے وینزویلا کے خلاف استعمال کی گئی تھی، جہاں امریکی حکام نے تیل فراہم کرنے والے کئی جہازوں کو ضبط کیا تھا۔ اسی سلسلے میں ایرانی تیل لے جانے والے جہازوں کو بھی نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایرانی جہازوں کو ضبط کرنے کی صورت میں تہران کی جانب سے شدید ردعمل متوقع ہے۔ اس کے ساتھ ہی عالمی تیل کی مارکیٹ میں عدم استحکام پیدا ہونے کا خدشہ بھی موجود ہے، جس سے تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

امریکا نے گزشتہ دو ماہ کے دوران وینزویلا کو تیل فراہم کرنے والے کئی جہاز ضبط کیے۔ اسی دوران ایرانی تیل لے جانے والے جہازوں کو بھی ضبط کرنے کے اقدامات سامنے آئے۔یہ اقدام ایران پر دباؤ ڈالنے اور خطے میں امریکی اثر و رسوخ بڑھانے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

Scroll to Top