پاکستان مخالف پروپیگنڈا میں ملوث آئی ایم پی کے ترجمان کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ بلاک کر دیا گیا

ریاست مخالف مواد شیئر کرنے اور پاکستان کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلانے کے الزام میں اتحاد مجاہدین پاکستان (آئی ایم پی) گروپ کے مرکزی ملزم محمود الحسن کا ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ بلاک کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ اداروں نے جاری تحقیقات کے دوران ملزم کی سوشل میڈیا سرگرمیوں کا جائزہ لیا جس میں مبینہ طور پر ریاستی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی اور پاکستان مخالف مواد کی تشہیر سامنے آئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ اکاؤنٹ کی بندش کا مقصد ریاست مخالف بیانیے کی روک تھام اور سوشل میڈیا کے غلط استعمال کو محدود کرنا ہے۔

ملزم آن لائن سرگرمیوں کی نگرانی اور پروپیگنڈا مہم کی قیادت میں کلیدی کردار ادا کر رہا تھا، تحقیقات کے دائرہ کار کو مزید وسیع کیا جا رہا ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس سلسلے میں مزید اقدامات بھی سامنے آ سکتے ہیں۔

حکام نے واضح کیا کہ ریاستی سلامتی کے خلاف کسی بھی سرگرمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور قانون کے مطابق کارروائی جاری رہے گی۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، یہ سوشل میڈیا اکاؤنٹ پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا اور شدت پسند بیانیے کی اشاعت میں سرگرم تھا۔

اکاؤنٹ پر ریاستی اداروں کے خلاف مواد، اشتعال انگیز پوسٹس اور شدت پسند نظریات سے متعلق بیانیہ مسلسل شیئر کیا جا رہا تھا، جو پلیٹ فارم کی پالیسی کی خلاف ورزی پر بلاک کیا گیا۔

Scroll to Top