وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں زیر تعمیر جدید ترین ماڈل جیل کے حوالے سے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں قیدیوں کے لیے تمام تر ضروری سہولیات سے لیس ایک نئی جیل تیار کی جا رہی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اسلام آباد کی کسی عدالت سے سزا سنائی جاتی ہے تو انہیں اڈیالہ جیل کے بجائے اسی نئی اور جدید ترین جیل میں منتقل کیا جائے گا۔
محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ اس نئی جیل میں قیدیوں کی صحت اور دیکھ بھال کا خاص خیال رکھا جائے گا جس کے لیے وہاں تمام ضروری طبی سہولیات اور ایک مکمل ہسپتال بھی قائم کیا جا رہا ہے تاکہ قیدیوں کو علاج معالجے کے لیے کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔





