پرانے پنکھے دے کر انرجی سیونگ پنکھے حاصل کرنے کا طریقہ کار جانئے

پرانے پنکھوں کو کم بجلی استعمال کرنے والے جدید ماڈلز سے تبدیل کرنے کے حکومتی پروگرام کی تفصیلات جاری کر دی گئی ہیں۔

اس اسکیم کے تحت صارفین اپنے گھروں میں نصب پرانے پنکھے جمع کرا کے نئے فائیو اسٹار انرجی سیونگ پنکھے حاصل کر سکیں گے، جس سے بجلی کی کھپت اور ماہانہ بلوں میں نمایاں کمی متوقع ہے۔

قومی توانائی بچت و مؤثر استعمال اتھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر ہمایوں خان نے پروگرام ’’روشن پنکھا، روشن پاکستان‘‘ میں شمولیت کا طریقہ کار بیان کرتے ہوئے کہا کہ درخواست گزار آن لائن پورٹل efan.gov.pk وزٹ کریں یا اینڈرائیڈ اور آئی فون کے ایپ اسٹور سے متعلقہ موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

درخواست کے لیے قومی شناختی کارڈ نمبر اور بجلی کے بل کی معلومات فراہم کرنا ہوں گی، جس کے بعد سسٹم خودکار انداز میں اہلیت کی جانچ کرے گا۔ منظوری ملنے پر صارف اپنی ضرورت کے مطابق توانائی بچانے والے پنکھے منتخب کر سکے گا۔ مقررہ کمپنی گھر آ کر نئے پنکھے نصب کرے گی جبکہ پرانے پنکھوں کو ناکارہ بنا دیا جائے گا تاکہ دوبارہ استعمال نہ ہو سکیں۔

تنصیب مکمل ہونے کے بعد صارف پورٹل پر جا کر تصدیق کرے گا، جس کے بعد ادائیگی کی رقم بجلی کے بل میں ماہانہ اقساط کی صورت شامل کی جائے گی۔ حکام کے مطابق فنانسنگ کی حد 12 ہزار سے لے کر 3 لاکھ روپے تک رکھی گئی ہے، جو پنکھوں کی تعداد اور درخواست گزار کی اہلیت پر منحصر ہوگی۔

اہلیت کے لیے لازم ہے کہ شناختی کارڈ اور بجلی کا کنکشن ایک ہی نام پر ہو۔ گزشتہ دو برسوں میں زیادہ سے زیادہ چار بل تاخیر سے جمع کرائے گئے ہوں اور صارف کسی دوسرے اقساطی منصوبے سے مستفید نہ ہو رہا ہو۔ یہ سہولت صرف گھریلو صارفین کے لیے ہے، کمرشل اور صنعتی صارفین اس اسکیم میں شامل نہیں ہو سکیں گے۔ درخواست کے وقت پرانے پنکھوں کی موجودگی بھی ضروری قرار دی گئی ہے۔

ہمایوں خان کے مطابق نئے فائیو اسٹار پنکھے روایتی پنکھوں کے مقابلے میں تقریباً 70 فیصد تک کم بجلی استعمال کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد نہ صرف گھریلو سطح پر بجلی کے اخراجات میں کمی لانا ہے بلکہ توانائی کے مؤثر استعمال کو بھی فروغ دینا ہے۔ صارفین اپنی درخواست اور ڈلیوری کی صورتحال آن لائن پورٹل یا موبائل ایپ کے ذریعے باآسانی چیک کر سکتے ہیں۔

Scroll to Top