ویمن ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے مقابلے میں جنوبی افریقہ ویمن کرکٹ ٹیم نے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
بارش کے باعث میچ کو 20 اوورز کے بجائے 14،14 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا، جس کے باعث دونوں ٹیموں کو جارحانہ حکمت عملی اپنانا پڑی۔
پاکستان ویمن ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 14 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 100 رنز اسکور کیے۔
مڈل آرڈر بیٹر عالیہ ریاض نے 20 رنز بنا کر مزاحمت کی جبکہ عائشہ ظفر 13 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ تاہم وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کے باعث ٹیم بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہی۔
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ ویمن نے محتاط لیکن پراعتماد انداز اپنایا اور مطلوبہ 101 رنز کا ہدف 4 گیندیں قبل 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ پروٹیز بیٹرز نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے میچ کو اپنے نام کیا۔
اس فتح کے بعد جنوبی افریقہ ویمن کو تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل ہوگئی ہے، جبکہ پاکستان ویمن ٹیم کو سیریز بچانے کا موقع ہاتھ سے نکل گیا۔
سیریز کا آخری میچ اب رسمی کارروائی کی حیثیت اختیار کرگیا ہے، جہاں پاکستان ویمن ٹیم اپنی ساکھ بہتر بنانے کی کوشش کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں : پی ایس ایل میں بڑا سرپرائز، انضمام الحق کو اہم عہدہ مل گیا0
دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن میں راولپنڈی فرنچائز کے ساتھ منسلک ہو گئے ہیں۔
فرنچائز نے انہیں صدر کرکٹ افیئرز مقرر کیا ہے۔ اس سے قبل انضمام الحق پی ایس ایل میں پشاور زلمی کے صدر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں اور لیگ کے انتظامی و کرکٹ امور میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق انضمام الحق کی تقرری کا مقصد ٹیم کے کرکٹ ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانا اور نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی کو یقینی بنانا ہے، تاکہ فرنچائز آئندہ سیزن میں بہتر حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اتر سکے۔
پی ایس ایل 11 کے لیے راولپنڈی کی ٹیم نے ایک متوازن اور مضبوط اسکواڈ ترتیب دیا ہے۔ فاسٹ بولر نسیم شاہ اس ایڈیشن کے مہنگے ترین کھلاڑیوں میں شامل ہیں، جنہیں 8 کروڑ 65 لاکھ روپے میں خریدا گیا۔
نیوزی لینڈ کے بیٹر ڈیرل مچل کو 8 کروڑ 5 لاکھ روپے میں اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے، جو ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ کو مزید تقویت دیں گے۔
اسی طرح تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عامر کو 5 کروڑ 40 لاکھ روپے میں حاصل کیا گیا، جبکہ بنگلادیش کے لیگ اسپنر رشاد حسین کے لیے 3 کروڑ روپے کی کامیاب بولی دی گئی۔ انگلینڈ کے بیٹر لاری ایونز کو ایک کروڑ 10 لاکھ روپے میں خریدا گیا ہے۔
مقامی کھلاڑیوں میں عماد بٹ، عبداللہ فضل اور کامران غلام بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں، جو ٹیم کے توازن میں اہم کردار ادا کریں گے۔





