ساڑھے 14 سال جیل کاٹی، ہمت نہیں ہاری، بہانوں سے سیاست نہیں چلتی، صدر زرداری کی عمران خان پر تنقید

صدر مملکت آصف علی زرداری نے رحیم یارخان کے علاقے چانگ ہاؤس نواز آباد میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سیاسی مخالفین پر شدید تنقید کی اور کہا کہ ریاست مدینہ کا دعویٰ کرنے والا کبھی آنکھ میں درد کا بہانہ بناتا ہے اور کبھی دودھ نہ ملنے کی شکایت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اصل لیڈر وہ ہوتا ہے جو عوام اور پارٹی کو بچا کر خود میدان میں ڈٹا رہے اور جیل جانے سے نہ گھبرائے، ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ محض تقاریر اور بھڑکیں مارنے تک محدود ہیں، قربانی دینے کی ہمت نہیں رکھتے اور صرف باتوں سے سیاست کرتے ہیں۔

صدر مملکت نے واضح کیا کہ سیاست میں اختلاف رائے جمہوری طریقے سے ہونا چاہیے، جمہوریت کسی کو ہتھیار اٹھانے کی اجازت نہیں دیتی، انہوں نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے تناظر میں کہا کہ تشدد کا راستہ اپنانا دراصل دشمن کے ایجنڈے کو تقویت دینا ہے کیونکہ نقصان اپنے لوگوں کا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اہمیت اور سالمیت کو نقصان پہنچانے کی سازشیں جاری ہیں، خصوصاً بلوچستان کی معدنیات پر دشمن کی نظر ہے، ان کا کہنا تھا کہ ہمیں تاریخ سے سبق سیکھ کر اپنی دھرتی اور اپنے ملک کا دفاع کرنا ہوگا۔

بھارت کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ وہاں مذہبی بنیادوں پر تقسیم بڑھ رہی ہے اور سیکولر بھارت کا تصور کمزور پڑ چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا اڈیالہ جیل میں طبی معائنہ مکمل ، میڈیکل ٹیم واپس روانہ ہو گئی

آصف علی زرداری نے اپنی طویل قید کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ساڑھے 14 سال جیل کاٹی، تکالیف برداشت کیں مگر ثابت قدم رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جیل آسان جگہ نہیں ہوتی، وہاں نہ سہولتیں ہوتی ہیں اور نہ آسائشیں، مگر سیاسی جدوجہد قربانی مانگتی ہے۔

Scroll to Top