پشاور: پشاور میں کیپٹل سٹی پولیس نے 14 فروری 2026 کو ابابیل اسکواڈ اور سٹی پیٹرولنگ کے افسران و اہلکاروں کے لیے ایک تفصیلی بریفنگ سیشن کا انعقاد کیا، جس کی سربراہی ایس ایس پی آپریشنز فرحان خان نے کی۔ اس موقع پر ایس پی ابابیل اور ڈی ایس پی ابابیل بھی موجود تھے۔
بریفنگ کے دوران موجودہ سکیورٹی صورتحال کے تناظر میں امن و امان کے قیام، ڈیوٹی کے مؤثر طریقۂ کار اور عوام کے ساتھ بہتر رابطے کے حوالے سے تفصیلی ہدایات جاری کی گئیں۔
پولیس نے اس بات پر زور دیا کہ ہر اہلکار اپنی ڈیوٹی کے دوران شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے اور عوام کے ساتھ مثبت رابطہ قائم رکھے۔
اس موقع پر پولیس نے ابابیل اسکواڈ اور سٹی پیٹرولنگ کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید بہتری اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے باڈی وورن کیمرے فراہم کیے۔
اس اقدام کا مقصد دورانِ ڈیوٹی شفافیت، جوابدہی اور کارکردگی کے معیار کو بڑھانا ہے۔ ایس ایس پی آپریشنز فرحان خان نے واضح کیا کہ باڈی وورن کیمروں کا استعمال مقررہ ایس او پیز کے مطابق ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان سپرایٹ کے لئے کوالیفائی کریگا یا نہیں؟ نئی مشکل کھڑی ہوگئی
کیپٹل سٹی پولیس نے اس موقع پر شہریوں کو یقین دہانی کرائی کہ پولیس جدید ٹیکنالوجی کے بھرپور استعمال کے ذریعے عوام کی حفاظت، امن و امان کے قیام اور قانون کی حکمرانی کو مزید مضبوط کرے گی۔
یہ اقدام پشاور میں شہریوں کے تحفظ، سکیورٹی کے جدید انتظامات اور پولیس اہلکاروں کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو بہتر بنانے کے عزم کا مظہر ہے۔





