پاکستان،بنگلا دیش تعلقات میں نیا باب: احسن اقبال کی ملاقات میں اہم پیش رفت

ڈھاکہ: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے اپنے سرکاری دورے کے دوران ڈاکٹر شفیق الرحمان امیر جماعت اسلامی بنگلادیش سے ملاقات کی اور پاکستان کی جانب سے بنگلادیش کے لیے غیر جانبدارانہ حمایت کا یقین دلایا۔

ڈھاکہ میں ملاقات کے دوران احسن اقبال نے ڈاکٹر شفیق الرحمان کو وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔ ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان سماجی، معاشی اور سیاسی شعبوں میں باہمی شراکت داری کی ضرورت کو اجاگر کیا گیا۔

اپنی ملاقات کے دوران احسن اقبال نے اپنے زمانہ طالب علمی کے دور کی قیادت کو بھی یاد کیا، جب وہ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) لاہور میں اسلامی جمعیت طلبہ سے وابستہ تھے۔

انہوں نے خوشی کا اظہار کیا کہ بنگلا دیش کے عوام سڑکوں پر پاکستان کے لیے جس والہانہ محبت اور گرمجوشی کا اظہار کرتے ہیں، وہ قابل تحسین ہے۔

احسن اقبال نے ڈھاکہ میں نومنتخب بنگلا دیشی وزیراعظم طارق رحمان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی اور بعد میں ان سے خصوصی ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تجارت بڑھانے، بحری روابط مضبوط کرنے اور سپلائی چین انضمام کے فروغ پر زور دیا۔ اس موقع پر بنگلا دیش-پاکستان نالج کاریڈور کے آغاز پر اتفاق ہوا اور تعلیمی و تحقیقی روابط بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : رمضان المبارک میں معدے کے مریضوں کیلئے کن باتوں کا خیال رکھنا ضروری؟

وفاقی وزیر احسن اقبال نے بنگلا دیشی وزیراعظم کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی، جسے وزیراعظم طارق رحمان نے مثبت طور پر قبول کیا۔

یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات اور باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے مقصد سے کیا گیا، اور اس میں سماجی، اقتصادی اور تعلیمی شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔

Scroll to Top