وزیرستان کی ننھی آئینہ وزیر: وائرل ویڈیو نے قسمت بدل دی، بڑا موقع مل گیا

پشاور: خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کی تحصیل شیواہ سے تعلق رکھنے والی کم عمر بچی آئینہ وزیر کی شاندار بولنگ نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی۔

بچوں کے ایک مقامی کرکٹ میچ میں ان کی تیز رفتار اور پراعتماد بولنگ کی ویڈیو وائرل ہوئی تو صارفین نے نہ صرف اسے خوب سراہا بلکہ ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

وائرل ویڈیو میں آئینہ وزیر کو فاسٹ بولنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے، جہاں وہ بھرپور ایکشن اور مہارت کے ساتھ گیند کراتی نظر آتی ہیں۔ سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے ماشاءاللہ اور حوصلہ افزا پیغامات کے ذریعے اس ننھی کھلاڑی کی صلاحیتوں کو سراہا۔

مقامی شائقین اور کھیلوں سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ قبائلی اضلاع میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، مگر مناسب سہولیات اور پلیٹ فارم نہ ہونے کے باعث اکثر باصلاحیت بچے منظرعام پر نہیں آ پاتے۔

آئینہ وزیر کی ویڈیو نے اس تاثر کو تقویت دی ہے کہ اگر مواقع فراہم کیے جائیں تو یہ بچے قومی اور بین الاقوامی سطح پر نام روشن کر سکتے ہیں۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پاکستان سپر لیگ کی معروف فرنچائز پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی بھی آئینہ کی صلاحیتوں سے متاثر ہوئے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر تبصرہ کرتے ہوئے آئینہ وزیر کو غیرمعمولی ٹیلنٹ قرار دیا اور کہا کہ ایسا ہنر یقیناً بہتر پلیٹ فارم کا مستحق ہے۔

جاوید آفریدی نے اعلان کیا کہ آئینہ وزیر کو آنے والی زلمی ویمن لیگ میں شامل کیا جائے گا، جو لڑکیوں کو کھیل کے میدان میں آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرنے کے لیے ترتیب دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں مزید 9 مہاجر کیمپس خالی کرانے کا فیصلہ

ان کا کہنا تھا کہ اس پلیٹ فارم کا مقصد باصلاحیت بچیوں کو آگے لانا، انہیں اعتماد دینا اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ آئینہ وزیر کو ضروری کرکٹ سامان اور سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ بہتر تربیت حاصل کر سکیں اور اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھار سکیں۔

یہ بھی پڑھیں : میٹرک اور انٹرمیڈیٹ امتحانات :خیبرپختونخوا حکومت نے بڑا فیصلہ کرلیا

ساتھ ہی سوشل میڈیا صارفین سے درخواست کی گئی کہ آئینہ وزیر کی تفصیلات شیئر کی جائیں تاکہ ٹیم براہِ راست ان سے رابطہ کر سکے۔

آئینہ وزیر کی کہانی اس بات کی مثال بن گئی ہے کہ سوشل میڈیا کس طرح پوشیدہ ٹیلنٹ کو سامنے لا کر نئی راہیں کھول سکتا ہے۔

Scroll to Top