کوہستان میگا کرپشن سکینڈل،عدالت کا بڑا حکم جاری

کامران علی شاہ

احتساب عدالت نے کوہستان میگا کرپشن سکینڈل کے ملزم اور جالکوٹ اینڈ کمپنی کے ڈائریکٹر فاضل خان کو مزید 8 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔

ملزم کواحتساب عدالت کے جج محمد ظفر کے سامنے پیش کیا گیا۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایاکہ فاضل خان نے کمپنی کے نام پر کھولی گئی پرائیویٹ کمپنی کے ذریعے 5.277 بلین روپے کی خرد برد کی، جو متعلقہ تعمیراتی کام کیے بغیر غیر قانونی طور پر اپنے اکاؤنٹس میں منتقل کی گئی۔

پراسیکیوٹر کے مطابق ملزم نے متعدد بینکوں میں اکاؤنٹس کھولے، جن میں نیشنل بینک داسو برانچ، عسکری بینک، حبیب میٹرو بینک، بینک الفلاح، ایم سی بی اور فیصل بینک شامل ہیں۔

پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ فاضل خان نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر اس رقم کو اپنے ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کیا۔

نیب نے ملزم کے خلاف 8 جولائی 2025 کو وارنٹ جاری کیا تھا اور اسے کوہستان سکینڈل میں خرد برد کی گئی رقم اور اثاثوں سے متعلق مزید تفتیش کے لیے طلب کیا گیاتھا۔

پراسیکیوٹر نے عدالت سے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی تاہم عدالت نے ملزم کو 8 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کرنے کا حکم دیا۔

Scroll to Top