وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت ابھی تک رمضان پیکج کی تقسیم تو دور، اعلان تک نہیں کر سکی۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں رمضان نگہبان پیکج کی تقسیم کامیابی سے جاری ہے اور ہر مستحق کو میرٹ کی بنیاد پر اس کی دہلیز پر امداد پہنچائی جا رہی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ کے پی حکومت کے لیے عوامی ضروریات کی بجائے بانی کی جیل میں آسائشیں اور سیاسی مفادات زیادہ اہم ہیں، جبکہ حکومت کا فوکس رمضان پر عوامی امداد فراہم کرنے کے بجائے رہائی فورس اور نئے فتنہ پھیلانے پر ہے۔ ان کے بقول خیبر پختونخوا میں اب تک ڈیجیٹل ڈیٹا بھی جمع نہیں کیا جا سکا۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ گزشتہ سال بھی کے پی حکومت کا رمضان پیکج پارٹی کے اراکین کی فہرستوں پر دیا گیا تھا، جبکہ پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے صوبے بھر میں سروے مکمل کیا اور ہر شہری کا ڈیٹا اکٹھا کیا۔ اس سروے کے تحت پنجاب میں 42 لاکھ خاندانوں کو رمضان نگہبان کارڈ دیے جا رہے ہیں، جبکہ مسیحی برادری کو بھی الگ سے امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا رمضان پیکج ہے، اور پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں 74 سہولت بازار فنکشنل ہو چکے ہیں۔ مزید برآں، مریم کے دسترخوان کے تحت روزانہ ہر تحصیل میں تقریباً دو ہزار روزہ داروں کو افطاری فراہم کی جا رہی ہے۔





