بنوں خودکش حملہ،تحقیقات میں سرحد پار روابط کا انکشاف، اتحاد المجاہدین نے ذمہ داری قبول کر لی۔
بنوں میں پاک فوج کی گاڑی پر ہونے والے خودکش حملے کے حوالے سے سیکیورٹی ذرائع نے اہم انکشافات کیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق حملے کے تانے بانے افغانستان میں موجود خارجی کمانڈر حافظ گل بہادر سے جا ملے ہیں، جبکہ اس حملے کی ذمہ داری
فتنہ الخوارج کے ذیلی گروہ اتحاد المجاہدین نے قبول کر لی ہے۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ اتحاد المجاہدین دراصل حافظ گل بہادر گروپ سے منسلک ہے اور اس گروہ کی قیادت اور اہم کمانڈر افغانستان میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ گروہ افغان سرزمین استعمال کرتے ہوئے پاکستان میں دہشت گردی اور تخریبی سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے یاد دلایا کہ 4 مارچ 2025 کو رمضان المبارک کے دوران بنوں کینٹ پر حملہ بھی اسی گروہ نے کیا تھا، جس کی منصوبہ بندی افغانستان سے کی گئی تھی۔ اسی طرح 2 ستمبر 2025 کو فیڈرل کانسٹیبلری بنوں پر حملے میں میجر عدنان نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا تھا۔ میر علی سمیت شمالی اور جنوبی وزیرستان میں ہونے والے متعدد حملوں کی ذمہ داری بھی اسی گروپ نے قبول کی، جبکہ بعد ازاں تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ ان کارروائیوں کی منصوبہ بندی اور سہولت کاری سرحد پار سے کی گئی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حافظ گل بہادر اور فتنہ الخوارج کے دیگر مرکزی سرغنوں کی افغانستان میں موجودگی اس امر کا ثبوت ہے کہ افغان سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔ سیکیورٹی حلقوں کے مطابق شواہد سے یہ بھی ظاہر ہوا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں 70 فیصد سے زائد عناصر افغان نژاد یا افغانستان سے مربوط نیٹ ورکس سے تعلق رکھتے ہیں۔
حکام کا مؤقف ہے کہ خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کو نقصان پہنچانے والی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور دہشت گردی میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔





