عمران خان کی صحت پر کوئی سیاست نہیں کرنا چاہتے،وزیراعلی سہیل آفریدی

کاشف الدین سید

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے پشاور پریس کلب کی نومنتخب کابینہ کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب حکومت پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے وزیراعلیٰ کے لیے 11 ارب روپے کا جہاز خریدا ہے جو کہ مبینہ طور پر اسرائیل کا بنا ہوا طیارہ ہےمگر میڈیا اس پر خاموش ہے۔

انہوں نے گلہ کیا کہ جب ہم نے تیراہ متاثرین کے لیے 4 ارب روپے کی امداد کا اعلان کیا تو اسے تنقید کا نشانہ بنایا گیا لیکن دوسری جانب اربوں روپے کے جہاز کی خریداری پر کوئی بات نہیں کر رہا۔

سہیل آفریدی نے نومنتخب کابینہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ صحافیوں کی مثبت تنقید کو خوش آمدید کہتے ہیں اور صوبے کے صحافیوں کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری جمہوری سوچ کا غلط فائدہ اٹھایا جا رہا ہے اور کچھ لوگ ملک کے آئین کو روند رہے ہیں۔

انہوں نے اسلام آباد میں حالیہ پرامن دھرنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت پر کوئی سیاست نہیں کرنا چاہتے، ہمارا مطالبہ ہے کہ ذاتی معالجین کو جیل بھیج کر بانی کا معائنہ یقینی بنایا جائے۔

وزیراعلیٰ نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے نواز شریف کو علاج کے لیے باہر جانے دیا تھا۔

Scroll to Top