ننگرہار میں دہشت گردوں کے تباہ کیمپ کی ویڈیو افغان آن لائن ایجنسی نے جاری کردی

 افغان آن لائن نیوز ایجنسی پجھوک افغان نیوز نے ننگرہار میں ایک دہشت گرد کیمپ کے تباہ ہونے کی ویڈیو جاری کر دی ہے۔

ویڈیو میں دہشت گرد خود اعتراف کرتے نظر آ رہے ہیں کہ حملہ انہی کے کیمپ پر کیا گیا اور کئی دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

ویڈیو میں دہشت گرد پاکستانی فوج کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرتے ہوئے بدلے کا اعلان بھی کر رہے ہیں۔

یہ وڈیو طالبان حکومت کے دعوے کے برعکس ہے جنہوں نے ننگرہار حملے میں سول آبادی کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔

وڈیو یہ واضح کرتی ہے کہ حملے کا مقصد صرف دہشت گرد تھے اور وہ ہی ہلاک ہوئے۔

 واضح رہے پاکستان کی انٹیلیجنس ایجنسیز نے کل رات ایک اہم کارروائی کے دوران افغانستان کے تین صوبوں ننگرہار، پکتیکا اور خوست میں فتنہ الخوارج اور تحریک طالبان پاکستان کے سات دہشت گرد مراکز تباہ کر دیے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس کارروائی میں 80 سے زائد دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ مزید ہلاکتوں کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

یہ کارروائی مصدقہ انٹیلیجنس کی بنیاد پر کی گئی تھی اور افغان صوبوں میں موجود دہشت گرد ٹھکانوں کو مکمل طور پر نشانہ بنایا گیا۔

تباہ شدہ مراکز میں نیا مرکز نمبر 1 اور 2، خارجی مولوی عباس، خارجی اسلام، خارجی ابراہیم، خارجی ملا رہبر اور خارجی مخلص یار شامل ہیں۔

 ابتدائی رپورٹس کے مطابق ان مراکز میں فتنہ الخوارج کی آپریشنل سطح کی قیادت بھی ہلاک ہو چکی ہے اور متعدد دیگر دہشت گرد بھی مارے گئے ہیں۔

Scroll to Top