پاکستانی وزیراعظم نے کہا کہ میں نے کروڑوں لوگوں کی جانیں بچائیں ، ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے دوسرے صدارتی دور کے پہلے سٹیٹ آف دی یونین خطاب میں کہا ہے کہ ان کی ٹیرف پالیسی نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ نیوکلیئر جنگ سمیت کئی جنگوں کو روکنے میں مدد کی۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیرف کے باوجود مختلف ممالک امریکا کے ساتھ تجارتی تعلقات برقرار رکھنے کے خواہاں ہیں۔

خطاب کے آغاز میں صدر ٹرمپ نے نائب صدر، وزیرِ خارجہ اور خاتون اول سمیت تمام سرکاری شخصیات کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سٹیٹ آف دی یونین خطاب کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ اقتدار سنبھالنے کے وقت امریکا کو بیمار معیشت اور کئی سنگین مسائل کا سامنا تھا، لیکن ایک سال کے اندر حکومت نے بے مثال اصلاحات کیں۔ انہوں نے بتایا کہ بائیڈن کے دور میں مہنگائی بدترین سطح پر تھی، تاہم اب یہ کم ہو کر 1.7 فیصد تک آ گئی ہے۔ امریکی سٹاک مارکیٹ ریکارڈ توڑ رہی ہے اور گیس کی قیمتیں بیشتر ریاستوں میں 2.30 ڈالر فی گیلن سے کم، بعض مقامات پر 1.99 ڈالر فی گیلن تک پہنچ گئی ہیں۔ امریکی تیل کی پیداوار میں روزانہ چھ لاکھ بیرل سے زائد اضافہ ہوا اور قدرتی گیس کی پیداوار تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کے ایک سال کے دوران امریکا میں 18 ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری ممکن ہوئی، جبکہ بائیڈن کے دور میں صرف ایک ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی تھی۔ انہوں نے ٹپ اور اوورٹائم پر ٹیکس ختم کرنے اور عالمی ٹیرف کے نفاذ سے ملک کو مالی اور قومی سلامتی کے حوالے سے فائدہ پہنچانے کا بھی دعویٰ کیا۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت ایٹمی جنگ کے قریب پہنچ چکے تھے، لیکن ان کی پالیسی کی وجہ سے یہ خطرہ ٹل گیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کے وزیراعظم نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے ساڑھے تین کروڑ افراد کی جان بچائی۔

صدر نے کہا کہ امریکا کی سرحدیں مکمل طور پر محفوظ ہیں اور گزشتہ 9 ماہ کے دوران کوئی غیر قانونی تارکین وطن ملک میں داخل نہیں ہو سکا۔ غیر قانونی مہاجرین کو ملک سے نکالا جا رہا ہے، اور حکومت قانونی امیگریشن کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کی حکومت نے دنیا میں 8 جنگیں روکی ہیں، ایران کے نیوکلیئر پروگرام کو تباہ کیا اور ایران کے میزائل منصوبے کو ناکام بنایا۔ انہوں نے زور دیا کہ ترجیح سفارتکاری کے ذریعے ایران کے نیوکلیئر ہتھیار نہ رکھنے کی ہے۔

صدر نے فوج، پولیس اور مقامی ٹیموں کی تعریف کی اور واشنگٹن ڈی سی کی طرح لاس اینجلس کو بھی محفوظ شہر بنانے کا وعدہ کیا۔ انہوں نے ملک میں قانون، سلامتی اور ترقی کو یقینی بنانے کے اقدامات کو اجاگر کیا۔

صدر ٹرمپ کے اہل خانہ، کابینہ اور کانگریس کے اراکین بھی اس موقع پر موجود تھے۔

صدر ٹرمپ نے خطاب کے اختتام پر کہا کہ امریکا نے اپنی طاقت، اقتصادی ترقی اور عالمی اثرورسوخ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے اس دور کو “صدیوں کی سب سے بڑی واپسی” اور امریکا کا سنہری دور قرار دیا، اور کہا کہ ملک پہلے سے زیادہ مضبوط، کامیاب اور خوشحال ہے۔

Scroll to Top