کن افراد کے پاسپورٹ بلاک ہو رہے ہیں؟ حکومت کا بڑا اقدام سامنے آگیا

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے اعلان کیا ہے کہ بیرون ملک سے ڈی پورٹ کیے گئے بھکاریوں کے پاسپورٹس بلاک کیے جا رہے ہیں تاکہ پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کی جا سکے۔

نجی ٹی وی اے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت ہرگز یہ نہیں چاہتی کہ کوئی شہری غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ بھیک مانگنے کے لیے کوئی ویزا جاری نہیں کیا جاتا، تاہم بعض افراد عمرے کا ویزا حاصل کر کےسعودی عرب جا کر بھیک مانگنے میں ملوث پائے گئے ہیں، جو نہایت تشویشناک عمل ہے۔

چوہدری سالک حسین نے بتایا کہ مختلف جرائم میں ملوث ہزاروں افراد کے پاسپورٹس بلاک کیے جا چکے ہیں اور ایسے افراد کو پانچ سال تک پاسپورٹ کی تجدید کی سہولت بھی فراہم نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام اور قومی وقار کا تحفظ ہے۔

انہوں نے حکومتی پالیسیوں میں تسلسل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پالیسیوں میں بار بار تبدیلی سے کاروباری برادری کو نقصان پہنچتا ہے، اس لیے واضح اور مستقل حکمت عملی ناگزیر ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ اسپین میں تقریباً 20 ہزار پاکستانیوں کو ریزیڈنسی ملنے کا امکان ہے، جو سمندر پار پاکستانیوں کے لیے خوش آئند پیش رفت ہے۔

یہ بھی پڑھیں : عدالتی احکامات کی روشنی میں پاسپورٹ رولز میں نئی اصلاحات متعارف

ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک روزگار کے مواقع پاکستان کے لیے ترسیلات زر کا اہم ذریعہ ہیں، اور گزشتہ ایک سال کے دوران ریکارڈ تعداد میں پاکستانیوں کو روزگار کے لیے بیرون ملک بھجوایا گیا ہے۔

چوہدری سالک حسین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ جو بھی شہری بیرون ملک جائے، وہ جدید تقاضوں کے مطابق سافٹ اسکلز کا حامل ہو تاکہ عالمی منڈی میں بہتر کارکردگی دکھا سکے۔

انہوں نے بیورو آف امیگریشن سے متعلق شکایات کے ازالے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ لائسنس ہولڈرز کے لیے نئی شرائط متعارف کروائی جا رہی ہیں تاکہ نظام کو مزید شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے۔

Scroll to Top