ایبٹ آباد میں گھریلو تنازعہ، بیٹے کا افسوسناک فعل، ملزم گرفتار

حمد اللہ خان
ایبٹ آباد: ایبٹ آباد کے تھانہ مانگل کی حدود میں ایک افسوسناک اور شرمناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک شخص نے اپنی ماں پر قاتلانہ حملہ کر دیا۔

واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرک پولیس ایبٹ آباد (ڈی پی او) ہارون رشید خان نے ملزم کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔

پولیس کے مطابق رات تقریباً 8 بجے گھریلو تنازعے کے دوران تلخ کلامی کے بعد نثار ولد عبدالستار نے اپنی 95 سالہ سگی ماں پر چاقو کے وار کیے، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئیں۔

ایس ایچ او تھانہ مانگل شہزاد جدون نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم نثار کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف دفعہ 324 پی پی سی کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون رشید خان نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ والدین کا احترام ہر فرد پر فرض ہے، اور ایسے سنگین و قبیح جرم میں ملوث عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہ ہونے کا الزام، خیبر پختونخوا حکومت پر عابد شیر علی کی تنقید

انہوں نے کہا کہ قانون کے تحت ملزم کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔

یہ واقعہ نہ صرف خاندان بلکہ سماج کے لیے ایک انتہائی تشویشناک خبر ہے، اور پولیس کی فوری کارروائی نے عوام کے درمیان قانون کے نفاذ پر اعتماد قائم رکھنے میں مدد دی ہے۔

Scroll to Top